یوٹرن کے نشان پر عمران کی تصویر لگائی جائے ، شہباز شریف

یوٹرن کے نشان پر عمران کی تصویر لگائی جائے ، شہباز شریف

  

سرگودھا(مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نوازکو باہر لانا ہے۔سرگودھا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف 13 جولائی کو بیٹی کیساتھ بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر لندن سے پاکستان پہنچے، انہیں بیمار والدہ سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی گئی، دونوں باپ بیٹی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ (ن)لیگ نے موٹرویز کے جال بچا دئیے ، اسے گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عظیم قوت بنایا۔شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے خان، الزام خان اور بہتان خان روز ایک بات کرتا ہے اوریوٹرن لیتا ہے، جتنے پاکستان میں یو ٹرن کے نشان ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگائی جائے۔شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے پشاور میٹرو کا بیڑا غرق کردیا، پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا، پورا پشاور کھنڈر بن چکا ہے۔الزام خان نے جس طرح پانچ سال تک ہمارے اوپر میٹرومیں کرپشن کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں ہم نے توپنجاب میں 27 کلومیٹر لمبی میٹرو بس 30 ارب روپے میں مکمل کی جو آج لاہور میں رواں دوا ہے جبکہ الزام خان نے پشاور میں 26 کلو میٹر میٹرو بس بنانے کا اعلان کیا تھا جس کا تخمینہ اب 69 ارب کے قریب پہنچ گیا ہے ۔انہوں نے جلسے کے حاضرین سے استفسار کیا کہ کیا آپ پشاور کی طرح پنجاب کو برباد ہوتا دیکھ سکتے ہیں؟شہباز شریف نے کہا کہ سرگودھا میں جہاں بھی ہمارے نمائندوں سے کوتاہی ہوئی میں معذرت چاہتاہوں، حکومت ملی تو سرگودھا کو لاہور جیسا بناؤں گا۔انشاللہ برسر اقتدار آتے ہیں پشاور سمیت ملک بھرکو ایسے ترقیاتی منصوبے دیں گے جس سے ، ملک اگلے پانچ سالوں میں ملائشیا ء اور ترقی کے ہم پلہ کھڑا ہو جائے گا۔

شہباز شریف

مزید :

کراچی صفحہ اول -