نواز شریف مریم ،صفدر کی وکلا سے مشاورت ،آئی جی جیل خانہ کی ملاقات اضافی سہولیات لینے سے انکار

نواز شریف مریم ،صفدر کی وکلا سے مشاورت ،آئی جی جیل خانہ کی ملاقات اضافی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 راولپنڈی(آئی این پی،آن لائن) مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ نواز شریف پر عزم اور مضبوط ہیں، وہ سمجھتے ہیں جو سہولیات ملنا چاہیے تھیں نہیں ملیں،کیپٹن (ر)صفدر دل کے مریض ہیں اور ان کی میڈیکل رپورٹ بھی ریکارڈ پر ہے۔ ہفتہ کو اڈیالہ جیل میں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر سے ان کے وکلا خواجہ حارث اور امجد پرویز نے ملاقات کی جس میں اہم قانونی معاملات پر مشاورت کی گئی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ نواز شریف پر عزم اور مضبوط ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور صفدر جیل مینول سے ہٹ کر اضافہ سہولیات نہیں لینا چاہتے۔دوسری طرف نواز شریف سے اڈیالہ جیل میں آئی جی جیل خانہ جات شاہد بیگ مرزا نے ملاقات کی ،ملاقات ایک گھنٹے تک جاری رہی ۔اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات نے نواز شریف کو ضروری سہولیات دینے پر تبادلہ خیال کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف نے سہولیات لینے سے انکار کردیا،جس پر جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جو ضروری سہولیات دی جانا مقصود ہیں وہ ضرور پہنچائی جائیں گی۔ملاقات میں نواز شریف کی سکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔