نازیبا زبان کیس ،ایاز صادق ،فضل الرحمن اور پرویز خٹک کو حلف نامہ جمع کرانے کا حکم

نازیبا زبان کیس ،ایاز صادق ،فضل الرحمن اور پرویز خٹک کو حلف نامہ جمع کرانے کا ...

 اسلام آباد/پشاور(آئی این پی،صباح نیوز ) الیکشن کمیشن نے نازیبا زبان کے استعمال پر مولانا فضل الرحمن، ایاز صادق اور پرویز خٹک کو حلف نامہ جمع کرانے کا حکم د یتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے الفاظ پر ندامت تو ہونی چاہئے، آئندہ بھی ایسا کیا تو ہم نوٹس لیں گے،مزید سماعت 9اگست تک ملتوی کردی گئی ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے مولانا فضل الرحمن، پرویز خٹک اور ایاز صادق کی جانب سے نازیبا زبان کے استعمال کے معاملے پر سماعت کی۔الیکشن کمیشن کی جانب سے طلب کرنے پر تینوں سیاسی رہنما ؤ ں کے وکلا ء پیش ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر نے پرویز خٹک کے وکیل سے سوال کیا کہ پرویز خٹک نے پشتو میں تقریر کی کیا آپ نے سنی ہے؟ وہ ہنسنے کی نہیں رونے کی بات ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ پرویزخٹک بیان حلفی جمع کروائیں، الیکشن میں نتیجہ کچھ بھی ہواس مقدمے کے فیصلہ سے مشروط ہوگا۔ایاز صادق کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو یقین دہانی کرائی کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کیا جائے گا، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے ایاز صادق کے وکیل کو بھی جواب کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیا۔چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو اپنے الفاظ پر ندامت تو ہونی چاہئے، ممبر کے پی کے نے سوال کیا کہ بطور سپیکر انہوں نے ایسی زبان کیوں استعمال کی؟۔ایاز صادق کے وکیل نے کہا کہ آئندہ ایسا نہیں ہو گا، اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم آئندہ کیلئے یقین دہانی نہیں مانگ رہے، آئندہ بھی انہوں نے ایسا کیا تو ہم نوٹس لیں گے۔الیکشن کمیشن نے ایاز صادق کو حلف نامہ جمع کرانے اور باقی ماندہ مہم کے دوران احتیاط کرنے کی ہدایت کی۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے مولانا فضل الرحمان کو بھی بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے مزید سماعت 9 اگست تک ملتوی کردی۔دوسری جانبخیبر پختونخوا کے سابق وزیر اعلی پرویز خٹک نے انتخابی مہم میں نازیبا الفاظ استعمال کرنے کے معاملے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی پرویز خٹک نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ خلاف ورزی کیس میں میرے ساتھ تعصب برتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیسز میں کسی دوسرے کی کامیابی کا نوٹیفکیشن فیصلے سے مشروط نہیں کیا گیا۔

نازیبا زبان کیس

مزید : کراچی صفحہ اول