نگران حکومتیں ایک جماعت کو فائدہ پہنچا رہی ہیں: حمزہ شہباز

نگران حکومتیں ایک جماعت کو فائدہ پہنچا رہی ہیں: حمزہ شہباز

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ذمہ داران واضح طور پر ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کی سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں مگر قومی اختیار میں نقب لگانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی ، 25جولائی کو پورے ملک میں شیر دھاڑے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقاتوں کے دوران کیا ۔ ان سے اجتماعی اور انفرادی ملاقاتیں کرنے والوں میں استقبال قائد ریلی کے دنوں میں گرفتار اور تشدد کا شکار ہونے والے کارکن وکلا، علما، طلبا سمیت مختلف مکاتب فکر کے نمائندہ وفود سمیت سینئر سیاستدانوں، ٹکٹ ہولڈرز، خواتین ،سابق پارلیمینٹیرئینز، نوجوانوں اور سیاسی کارکنان شامل تھے جنہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مکمل اظہار اعتماد کرتے ہوئے پارٹی امیدواران کی بھرپور انتخابی مہم چلانے کا عزم ظاہر کیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ لاکھوں جانوں اور عصمتوں کی قربانی دے کر حاصل کیا گیا پاکستان کسی کے وزارت عظمی کے شوق کی بھینٹ نہیں چڑھایا جاسکتا، ملک اور قوم کے مستقبل سے کھیلنا خطرناک ہوگا، نگران وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ذمہ داران واضح طور پر ایک جماعت کو فائدہ پہنچانے کی سرتوڑ کوششیں کررہے ہیں، قوم بیدار ہے، قومی اختیار میں نقب لگانے کی تمام کوششیں اللہ کے فضل و کرم سے ناکام ہوں گی اور 25 جولائی کو انشااللہ پورے ملک میں شیر دھاڑے گا۔

حمزہ شہباز

مزید : کراچی صفحہ اول