سراج رئیسانی شہید نے وطن سے محبت اور سرفروشی کی داستان رقم کی ، حسن عسکری

سراج رئیسانی شہید نے وطن سے محبت اور سرفروشی کی داستان رقم کی ، حسن عسکری

لاہور(آئی این پی ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری آج کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کی تعزیت کیلئے سروان ہاؤس گئے، نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے نوابزادہ سراج رئیسانی شہید کے بھائی نوابزادہ لشکری رئیسانی، بیٹے جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر سوگوار خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور لشکری رئیسانی، جمال خان رئیسانی اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور سراج رئیسانی شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔نگران وزیراعلی پنجاب نے سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے لواحقین سے بھی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر مستونگ میں پیش آنے والے المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں سخت مذمت کی اور غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی شہید پاکستان کی دھرتی کا بہادر بیٹا تھا اور ہم سراج رئیسانی شہید کی بہادری اور جرأت کو سلام پیش کرتے ہیں۔سراج رئیسانی شہید نے اپنے لہو سے وطن سے محبت اور سرفروشی کی داستان رقم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی پاکستان کی محبت سے سرشار تھے اور قوم کو نوابزادہ سراج رئیسانی جیسے سچے محب وطن پاکستانی پر فخر ہے۔نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت سے ملک ایک سچے پاکستانی اور کھرے سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوابزادہ سراج رئیسانی کی پاکستان کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ سانحہ مستونگ دہشت گردی کے واقعات میں ایک بڑا سانحہ ہے۔ غم کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت اور عوام بلوچستان کے عوام اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین اور زخمی افراد کے ساتھ ہیں اور آج میں اپنے بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے کوئٹہ آیا ہوں کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی جنگ ہے اور اس میں ہم سب متحد ہیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر سانحہ مستونگ میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری بھی اس موقع پر موجودتھے جبکہ نگران صوبائی وزیر ضیاء حیدر رضوی، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے ہمراہ تھے۔

حسن عسکری

مزید : کراچی صفحہ اول