پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے آگ کے دریا عبور کیے،آصف زرداری

پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے آگ کے دریا عبور کیے،آصف زرداری

شہداد پور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے عقل سے خالی عناصر کہتے ہیں روٹی، کپڑا اور مکان کا وعدہ پورا نہیں ہوا، پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدارمیں آتی ہے تو ہزاروں نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرتی ہے۔نجی ٹی وی چینل ’’جیو نیوز‘‘ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شہداد پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا پیپلزپارٹی نے جمہوریت کیلئے آگ کے دریا عبور کیے ہیں،ہماری انہی قریبانیوں کی بدولت آج جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے ،2008میں پیپلزپارٹی کے پاس پارلیمنٹ میں مکمل اکثریت نہیں تھی، لیکن ہم نے مشرف کواقتدار چھوڑنے پرمجبور کیاتاکہ دنیا میں پاکستان کاجمہوری چہرہ سامنے آئے، حکومت میں آنے کے بعد میری پہلی ترجیح 1973کے آئین کی بحالی تھی،الحمدللہ آئین اصل صورت میں بحال کیا،ذوالفقاربھٹو کا صوبوں کو خود مختاری دینے کا وعدہ پورا کیا،ذوالفقاربھٹو کے ہر خواب کی تعبیر کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ،آصف زرداری نے مزید کہا کہ عقل سے خالی عناصر کو معلوم ہونا چاہیے پیپلزپارٹی جب بھی اقتدارمیں آتی ہے تو ہزاروں نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کرتی ہے،ا گر روزگار ہو تو روٹی اور کپڑا بھی میسر ہوتا ہے اور مکان بھی بن جاتا ہے،بلاول نے اپنے نانا شہید ذوالفقاربھٹو اور والدہ شہید کا علم سنبھال لیا ہے،یقیناً اپنی والدہ کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول