اقتدار میں آکر نظام تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے :جہانگیر ترین

اقتدار میں آکر نظام تعلیم میں انقلابی تبدیلیاں لائیں گے :جہانگیر ترین

  

لودھراں ( نما ئند ہ پا کستا ن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر خان ترین نے لودھراں کی عوام کو ایک اور تحفہ دے دیا۔ خان واہ گھلواں میں ذاتی جیب سے بنوائے گئے گرلز(بقیہ نمبر14صفحہ12پر )

ایلیمنٹری سکول کا افتتاح کردیا ہے۔ سکول پر 4کروڑ روپے لاگت آئی ہے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا میں اپنی ذات کے لئے نہیں پاکستان کے لئے سیاست کررہاہوں ۔میں نے لودھراں میں سیاست کا آغاز 2012میں کیا مگر میرا ادارہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن 2009سے تعلیمی میدان میں لودھراں کے عوام کی خدمت کررہاہے ۔ادارے کے تحت حکومت کے 85سرکاری سکول چل رہے ہیں۔تین ماڈل سکول ہم پہلے ہی چلارہے ہیں جبکہ یہ چوتھا ماڈل سکول ہے۔ آج میرے لئے بہت خوشی کا دن ہے کہ خان واہ گھلواں جیسے دوردراز اور پسماندہ علاقہ کے بچوں کے لئے ایسا تعلیمی ادارہ بن چکاہے جس میں لاہو راور اسلام آباد کے سکولوں جیسی تعلیمی سہولیات موجود ہیں۔ ہم نے لودھراں کے تمام ہائی سکولز میں جدید سائنس لیبز بھی بنوادی ہیں۔میرا مقصد لودھراں کے طلباء و طالبات کوبہترین تعلیم کے ساتھ انکو عزت دیناہے۔ جہانگیر خان ترین نے کہا کہ انشاء اللہ حکومت میں آکر تعلیمی نظام میں زبردست تبدیلی لے کر آئیں گے ۔خواتین کو انکے حقوق دلوائیں گے۔ نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔ افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں نے کبھی غریب کا خیال نہیں کیاصرف اپنا بینک بیلنس اور جائیدادیں بنائیں۔ یہ لوگ لوٹ مار کے لئے اقتدار کی بند ر بانٹ کرتے رہے ۔لوٹ مار کرنے والوں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔ حکومت میں آکر خزانے کا رخ عوام کی طرف موڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اب دھاندلی کا شور مچارہے ہیں۔ جب ہم نے دھاندلی کی بات کی اور چار حلقے کھولنے کاکہاکہ تو ن لیگ والے ہمارا مذاق اڑاتے تھے۔ اب شہبازشریف کو شکست دیوار پر لکھی ہوئی نظر آرہی ہے۔ن لیگ کی جانب سے دھاندلی کا واویلا کرنا شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے۔ نوازشریف کے بعد اب شہبازشریف کی باری ہے۔ جہانگیر ترین نے مزید کہا کہ ہم واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرینگے۔وفاق ،پنجاب،کے پی کے سمیت تمام صوبوں میں مضبوط حکومت بنائیں گے۔ ایسی جماعت سے حکومتی اتحاد نہیں کرینگے جس کے خلاف ہم نے جنگ لڑی ۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سردار ارشاد عباس گھلو نے خان واہ گھلواں میں سکول بنوانے پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اہلیان خان واہ گھلواں تاحیات جہانگیر ترین کے مشکور رہیں گے اور انہیں دعائیں دیں گے۔ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پروگرام منیجر اکبر خان نے بھی خطاب کیا۔جہانگیر ترین نے سکول میں بنائی گئی سائنس و کمپیوٹر لیبس،لائبریری ، واش رومز و دیگر دسہولیات کاخود جائزہ لیا اور بچوں اور سٹاف سے بھی ملاقات کی اور سکول میں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ لی۔ جہانگیر ترین نے پی ٹی آئی امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں یونین کونسل حویلی نصیر خان ، صالصدر ،واہی سلامت رائے میں جلسوں سے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر میاں شفیق ارائیں، نواب امان اللہ خان، احمد خان بلوچ ، نذیر احمد خان بلوچ و دیگر رہنمابھی ہمراہ تھے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -