مہمند میں کروڑوں روپے کے منصوبے مکمل کئے ،ملک بلا ل رحمان

مہمند میں کروڑوں روپے کے منصوبے مکمل کئے ،ملک بلا ل رحمان

  

مہمند( نمائندہ پاکستان )مہمند میں بجلی اور پانی فراہمی منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ ہوئے ہیں۔ دس سال کے دوران درجنوں نئے سکول اور مراکز صحت کھول دئیے گئے۔پسماندہ علاقوں میں لنک روڈز کی تعمیر سے ہزاروں افراد کو آمد ورفت میں سہولت مل گئی ہے۔ مہمند قوم کے لئے ایم این اے اور سینیٹر نے اپنی بساط سے بڑھ کر کردار ادا کیا ہے۔ آئندہ بھی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ کر مہمند میں لالچی سیاست کو شکست دینگے۔ان خیالات کا اظہار سابق ایم این اے اور این اے 42 سے آزاد امیدوار ملک بلال رحمان اورسینیٹر ہلال الرحمان نے تحصیل حلیمزئی باروخیل حاجی منتظر کلے ، سنگر حاجی زاہد خان کور اور غلنئی بازارمیں الگ الگ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہمند میں 2008 سے ایم این اے اور سینیٹر کا عہدہ پہلی بار عوامی کر دیا گیا۔ علاقے میں ترقیاتی بجٹ پر ملکان کے با اثر طبقے اور پولیٹیکل انتظامیہ کا قبضہ تھا۔ جس سے عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں تھا۔ ان کے دور میں اے ڈی پی کے اربوں روپے ترقیاتی منصوبوں میں منتخب نمائندوں کے ذریعے کمیونٹی کی مشاورت شامل کردی گئی۔اس کے علاوہ ایم این اے اور سینیٹر فنڈزسے تمام اقوام اور ہر تحصیل میں برابری کی بنیاد پر ترقیاتی کام ہوئے۔ تحصیل پڑانگ غار کے لئے الگ گریڈ سٹیشن اور تحصیل یکہ غنڈ کے لئے الگ فیڈرز دے کر بجلی کا دیرینہ مسئلہ حل کردیا۔ خویزئی بائزئی کے لئے بھی الگ گریڈ سٹیشن کی منظوری دی ہے۔ ملک بلا ل رحمان نے کہا کہ مہمند کے دور افتادہ پسماندہ علاقوں میں شمسی توانائی واٹر سپلائی سکیموں کے ذریعے پینے کے پانی کے مسئلے پر بڑی حد تک قابو پایا گیا ہے۔ جبکہ تحصیل پنڈیالئی میں ایک بارانی ڈیم مکمل کردیا گیا ہے اور پانی بحران سے دوچار علاقوں میں مزید ڈیموں کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گالی اور بد اخلاقی کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے اس لئے مخالف امیدواروں کو زبان سے نہیں عوامی تائید و حمایت اور الیکشن میں شکست کی صورت میں جواب دیا جائیگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -