اپنے انتخابی وعدوں پر من و عن عمل کر کے پورا کیا:جنید اکبر خان

اپنے انتخابی وعدوں پر من و عن عمل کر کے پورا کیا:جنید اکبر خان

بٹ خیلہ (بیورورپورٹ) پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور حلقہ پی کے 19سے نامزد اُمیدوار حاجی پیر مصورخان غازی اور قومی اسمبلی این اے 8سے نامزد اُمیدوار و سابق ایم این اے جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ ہم نے جس تبدیلی اور میرٹ کے نام پر عوام سے ووٹ لیا تھا اُس پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کی ہے جس کی واضح مثال صوبے میں ہزاروں آساتذہ ، ڈاکٹر اور انجینئر ز کی بغیر سفارش کے بھرتیاں اور مساجد کے تیس ہزار سے زائد آئمہ کی ماہانہ تنخواہیں ہیں ۔ 25جولائی کو عوام تبدیلی اور میرٹ کو ووٹ دینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل مہردے شاہ پلازہ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے انصا ف لیبر ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری سید جمال شاہ بنوری ، پی ٹی آئی کے سابق ڈویژنل صدر حاجی نیک محمد خان ، ڈویژنل ڈپٹی جنرل سیکرٹری یعقوب خان ، ممتاز ماہر سیاسیات حاجی حیات خان ، انصاف سپورٹس اینڈ کلچر ونگ کے تحصیل صدر حارث خان ساگر ، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن کے محمد زادہ آگرہ اور شہاب خان خٹک نے بھی خطاب کیا ۔ حاجی پیر مصور خان اور جنید اکبر خان نے کہا کہ ہم پر گذشتہ دور حکومت میں ترقیاتی کام نہ کرنے کا الزام لگایا جارہا ہے حالانکہ ہم نے گلی کوچوں ، نالیوں، ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبوں کے لئے عوام سے ووٹ نہیں لیا تھا ۔ ہم نے نہ ہی کبھی کمیشن خوری اور کرپشن کی کوشش کی ہے اور نہ ہی کبھی لٹیروں ، منشیات فروشوں کی حمایت و طرف داری کی ہے بلکہ ہمیشہ حق و سچائی کا ساتھ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں اور 25جولائی کوپی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کا کام صرف اور صرف منفی پروپیگنڈے ہیں جبکہ ہم عملی سیاسی و خدمت پر یقین رکھتے ہیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر