طاہرصادق بے وفا شخص عوام اب بھروسہ نہیں کرینگے، آصف علی ملک

طاہرصادق بے وفا شخص عوام اب بھروسہ نہیں کرینگے، آصف علی ملک

حسن ابدال(نمائندہ پاکستان)میجر طاہر صادق بے وفاشخص! عوام مذید بھروسہ نہیں کریں گے۔ہر انتخاب میں نئے انتخابی نشان پر الیکشن لڑنے والے مفاد پرست شخص کی سیاست اپنے گھر سے شروع ہو کر اپنے گھر میں ختم ہو جاتی ہے۔پی ٹی آئی پر قبضہ کر کے نظریاتی کارکنوں کو کھڈے لائن لگا دیا گیا ہے۔25 جولائی کو مسلم لیگ(ن)کے ورکر ووٹ کی طاقت سے نواز شریف کے خلاف فیصلوں کو رد کر دیں گے۔ن لیگ کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آصف علی ملک امیدوار مسلم لیگ(ن) حلقہ پی پی 3نے پریس کلب حسن ابدال کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کے غیور عوام آئندہ کسی بے وفا شخص کو منتخب نہیں کر سکتے جس نے بے وفائی میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے نعرے لگانے والا میجر طاہر صادق مشکل وقت میں مشرف کی گود میں جا بیٹھا جبکہ بعد ازاں اسے بھی چھوڑ دیا اور آج پی ٹی آئی میں قبضہ گروپ بن کر شامل ہو چکا ہے مگر جلد ہی وہ عمران خان کو بھی دھوکا دے کر بھاگ جائے گا۔ آصف علی ملک نے کہا کہ 25جولائی کا سورج ن لیگ کی کامیابی کا سورج لے کر طلوع ہو گا اور آج ہماری کامیاب الیکشن مہم کو دیکھتے ہوئے مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر میاں نواز شریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا۔عوام کل بھی میاں نواز شریف سے محبت کرتے تھے اور آج بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد ہم رک جانے والے ترقی کے سفرکا دوبارہ آغاز کر یں گے اور فتح جنگ اور حسن ابدال میں ریکارڈ کامیابی حاصل کریں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر