انتخابی فضا تبدیل، پیپلزپارٹی کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے، ظفراقبال

انتخابی فضا تبدیل، پیپلزپارٹی کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے، ظفراقبال

مظفرآباد (سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کراچی ڈویژن کے صدر چوہدری ظفراقبال نے کہا ہے کہ انتخابی فضا تبدیل، پیپلزپارٹی کی کامیابی یقینی ہوچکی ہے، بلاول بھٹو زرداری کے کارواں جمہوریت نے ملک بھر میں پیپلزپارٹی کا مستقبل روشن کردیا ہے، پنجاب میں بھی اب پیپلزپارٹی سندھ کی طرح شاندار کامیابی حاصل کریگی، ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے نامزدامیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 247 عبدالعزیز میمن کی الیکشن مہم کے دوران کشمیریوں کی مختلف میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری ظفر اقبال نے حلقہ این اے 247 کے مختلف علاقوں کادورہ کیا جہاں کشمیریوں نے ان کا شاندار استقبال کیا اور 25 جولائی کو پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار کو کامیاب بنانے کی یقین دہانی کروائی، اس موقع پر حلقہ این اے 247 میں مقیم کشمیریوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری ظفراقبال نے کہا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا اور پیپلزپارٹی کو اس لیے کامیاب بنایا کہ پیپلزپارٹی ہی واحد ایسی جماعت ہے جو ملک کے غریب عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کا عزم رکھتی ہے، وڈیرہ شاہی کا نظام ختم کرنا چاہتی ہے جو کہ قبل ازیں بھی پیپلزپارٹی کی قیادت نے ختم کیا، یہ اعزاز پیپلزپارٹی کو ہی جاتا ہے کہ پیپلزپارٹی کے بانی قائد ذوالفقارعلی بھٹونے ملک سے جاگیرداری نظام کاخاتمہ کیا، بے نظیر بھٹو نے ملک کو شاہراہ ترقی پر گامزن کیا، زرداری جیسے مرد حر نے اپنے پانچ سالہ دوراقتدار میں پاکستان میں مفاہمت، برداشت اور قانونی بالادستی کی سیاست کوپروان چڑھایا، اور اب انشاء اللہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 25 جولائی کو پیپلزپارٹی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی اور بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم پاکستان بن کر پاکستان کو ایشیئن ٹائیگر بنائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ قائدکشمیر چوہدری لطیف اکبر کی ہدایت کی روشنی میں کراچی ڈویژن میں پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم پورے جوش وجذبہ سے چلارہے ہیں، انشاء اللہ 25 جولائی کو کراچی میں مقیم کشمیری تیرپر مہریں لگا کر پیپلزپارٹی کوکامیاب بنائیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر