ہم اقلیتوں کا تحفظ اور انہیں حقوق دیں گے ،مخالفین نے خدمت کی سیاست روکنے کی کوشش کی لیکن ہمارا قافلہ نہیں رکے گا:محمد یعقوب شیخ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اللہ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار این اے 125 محمد یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ حلقہ سے اقلیتی برادری نے میری حمایت کا اعلان کیا ہے،ہم اقلیتوں کا تحفظ کریں گے اور انہیں حقوق دیں گے،جن کو ووٹ دیئے جاتے ہیں وہ محلات میں سوتےاور ووٹ دینے والوں کے گھر بارشی پانی میں ڈوبے رہتے ہیں،علاقے کی محرومیوں کے خاتمہ کے لئے بلا خوف و خطر کرسی پر مہر لگائیں،ملی مسلم لیگ این اے125کو ماڈل و مثالی حلقہ بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق این 125 میں یوسی71 ،فضل کالونی بند روڈ،حکیماں والا بازار ساندہ،مالی پورہ کریم پارک،ناصر پارک اور دیگر علاقوں میں کارنرز میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے محمد یعقوب شیخ کا کہنا تھا کہ میں یوسی 71کی گلیاں دیکھتا آ رہا تھا،بارش کی وجہ سے پانی سے گلیاں بھر جاتی ہیں، گندہ پانی ڈیڑھ ڈیڑھ فٹ اب بھی کھڑا ہے،جن کو ووٹ دیا انہوں نے ووٹرز کے حقوق کی پامالی کی،جن کو آپ نے ووٹ نے دیا وہ محلات میں سوتے ہیں اور ووٹ دینے والے اس بدبو دار فضا میں سوتے ہیں،ٍٍٍٍاگر ووٹ صحیح دیتے تو یہ حالت نہ دیکھی پڑتی۔انہوں نے کہا کہ اب اپنی اولاد کا مستقبل اور پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں تو اپنے آپ کو بدلیں، حلقے کے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو پچیس جولائی کو کرسی پر مہر لگائیں۔انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے بعد ہم نے میڈیکل کیمپ لگائے، ہمارا نعرہ خدمت انسانیت ہے، مدمقابل نے ہماری خدمت کی سیاست کو روکنے کی کوشش کی لیکن ہمارا قافلہ نہیں رکے گا،ہم اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کریں گے،مسیحی برادری ہماری ہم وطن ہے ان کا تحفظ ہم پر فرض ہے،ان کے علاقے کے کام ترجیحی بنیادوں پر کروائے جائیں گے۔امیدوار پی پی150محمد عامر شیخ نے کہا کہ یہاں سے منتخب عوامی نمائندے حلقے میں کسی کو نظر نہیں آتے ،ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے،ہم یہیں عوام کے ساتھ رہیں گے اور عوامی مسائل حل کریں گے۔اس موقع پر ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی71 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر مسیحی برادری کے رہنماﺅں سموئیل مسیح،سلمان مسیح،فیاض مسیح نے برادری سمیت محمد یعقوب شیخ کی حمایت کا اعلان کیا۔