پاک افغان ورکنگ گروپ کا اجلاس،ایکشن پلان پرعمل کرنے پراتفاق
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان پاکستان ایکشن پلان کے تحت 5 ورکنگ گروپس تشکیل دیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ”جیو نیوز“ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے پاکستان افغانستان ایکشن پلان ورکنگ گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان ایکشن پلان ورکنگ گروپ کا اجلاس افغانستان کے شہر کابل میں ہو ا جس میں سیکرٹری خارجہ نے 28 رکنی پاکستانی وفد کی قیادت کی،وفد میں وزارت خارجہ و داخلہ، کامرس، ایف بی آر ،ریلوے، مواصلات،سیفران، انٹیلی جنس اور فوجی حکام شامل تھے،انہوں نے کہا کہ افغان ڈپٹی وزیر خارجہ حکمت کرزئی نے افغان وفد کی قیادت کی، ایکشن پلان دونوں ممالک کواداروں کی سطح پربات چیت کیلئے فورم مہیاکرتاہے،اجلاس میں دونوں وفود نے دہشت گردی کے خاتمے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ڈاکٹر فیصل نے مزید کہا کہ علاقائی امن و سلامتی اور افغان مہاجرین کی واپسی پربھی تبادلہ خیال کیا گیا، پانچوں ورکنگ گروپس میں رابطہ کاری بہتربنانے اور ایکشن پلان پرعمل کرنے پراتفاق کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔