مائنڈ سیٹ بدل کرپاکستان کوصنعت کاری کی طرف لے جا رہے ہیں، عمران خان
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کوسہولتیں دینے کی کوششیں کررہے ہیں، مائنڈ سیٹ بدل کرپاکستان کوصنعت کاری کی طرف لے جا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان نے سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو اللہ نے بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، پاکستان کی جیوسٹریٹجک پوزیشن دنیا میں منفرد ہے، پاکستان کی60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمرہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو 30 سال سے جانتا ہوں، امریکا میں مقیم پاکستانیوں نے محنت سے اپنی پہچان بنائی۔عمران خان نے کہا کہ جب تک منافع نہیں ہوگا سرمایہ کاری نہیں آئے گی، سرمایہ کاروں اور تاجروں کوسہولتیں دینے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے بعد جاپان بھی پاکستان میں صنعتیں لگانا چاہتا ہے، مائنڈ سیٹ بدل کر پاکستان کو صنعت کاری کی طرف لے جا رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سیاحت میں دنیا کے کسی ملک سے کم نہیں ہے، رواں برس اس قدر سیاحت ہوئی ہوٹل کم پڑگئے۔ انہوں نے کہا کہ امریکامیں مقیم پاکستانیوں کےلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔