عوام درجہ سوئم کی سبزیاں خریدنے پر مجبور ہو گئے،ذکر اللہ مجاہد
لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰ سے قبل سبزیوں، پھلوں اور مصالہ جات کی قیمتوں میں 50 فیصد تک کا اضافہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ مہنگائی کے باعث عوام درجہ سوم کی سبزیاں اورپھل خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں جو قابل مذمت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراء جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، ملک شاہد اسلم، ڈپٹی سیکرٹریز جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد، عبدالعزیز عابد، مرزا عبدالرشید، عبدالحفیظ اعوان، عمر شہباز و دیگر عہدیداران جماعت نے شرکت کی۔
میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں۔ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں ایک ماہ کے دوران پچاس سے ساٹھ فیصد اضافے نے عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی کا بحران وزیر اعظم پاکستان کے بار بار نوٹس لینے کے باوجود جوں کا توں ہے۔ شہری سرکاری ریٹ پر آٹا اور چینی سے کی تلاش در در ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔