مہذب معاشروں میں مجرم قرار دینے کے بعد سزاشروع ہوتی ہے،جاوید قصوری
لاہور(نمائندہ خصوصی)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہاہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے نیب کی غیر جانبداری پر اٹھائے گئے سوالات نے احتساب کے عمل کو مشکوک بنادیا ہے۔ مہذب معاشروں میں مجرم قرار دینے کے بعد سزاشروع ہوتی ہے جبکہ پاکستان میں نیب ٹرائل کے نام پر لوگوں کو اٹھا کر اپنے اوپر عوامی اعتماد کو مجروح کررہا ہے۔
بلاشبہ ماضی میں نیب کا مقصد وفاداریوں کو تبدیل کروانا اور لوگوں کی پگڑی اچھالنا بنارہا ہے۔ انہوں نے کہ آئین پاکستان کے مطابق انسانی آزادی کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اسے مقدم رکھنا ضروری ہے جو کہ غیر مشروط اور کسی بھی طور پر اسے ختم نہیں کیا جاسکتا۔ سزا کے بغیر گرفتاریوں نے نیب کی ساکھ کو متنازعہ بنادیا ہے۔ المیہ تو یہ ہے کہ نیب ایک طرف لوگوں کو برسوں جیل میں ڈال دیتی ہے تو دوسری طرف بڑے مالی سکینڈلز پر کچھ نہیں کیا جاتا۔ چینی، آٹا، پٹرول اور گندم کے حوالے سے بڑے مالی اسکینڈلز سامنے آچکے ہیں۔