پنجاب میں مزید 2نیشنل پارکس کے قیام کا فیصلہ، کابینہ کا وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت پر بھر پور اظہار اعتماد

  پنجاب میں مزید 2نیشنل پارکس کے قیام کا فیصلہ، کابینہ کا وزیراعلی عثمان ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب میں 2 مزید نیشنل پارکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے نیشنل پارکس کے قیام کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی منظوری دی۔ فتح جنگ کے قریب خیری مورت میں 8 ہزار 740 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا۔ کھاریاں کے قریب پبی میں 38 ہزار 874 ایکڑ اراضی پر نیشنل پارک بنایا جائے گا جبکہ بہاولپور کے لال سہانرا نیشنل پارک میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور لال سہانرا نیشنل پارک کا رقبہ ایک لاکھ 62 ہزار 567 ایکڑ پر مشتمل ہوگا۔ اجلاس میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دائرہ کار پورے پنجاب میں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور پنجاب کابینہ نے اتھارٹی کا دائرہ کار صوبائی سطح پر بڑھانے کی منظوری دی جبکہ اتھارٹی کا نام والڈ سٹی اینڈ ہیری ٹیج ایریا اتھارٹی پنجاب رکھنے کی اصولی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پروبیشن آف اوفینڈرز ترمیمی ایکٹ2020 کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب پیرول ایکٹ 2020 اور پنجاب گڈکنڈکٹ پرینرنرز پروبیشنل ریلیز ترمیمی ایکٹ 2020 کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں مائنز اینڈ آئل فیلڈز اینڈ منرل ڈویلپمنٹ (گورنمنٹ کنٹرول) ایکٹ 1948 کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی بھی منظوری دی گئی۔ عوامی جمہوریہ چین کے شہر چنگ ڈاؤ(QINGDAO) اور فیصل آباد میونسپل کارپوریشن ایڈمنسٹریشن کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دی گئی۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط سے چنگ ڈاؤ اور میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے مابین تجارت، ثقافت، بزنس اور باہمی وفود کے تبادلے ہوں گے۔ اجلاس میں پیپرا ایکٹ 2009 کے سیکشن 6 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2014 (ترمیمی 2019) کے رولز 12 اور 59 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بنک لمیٹڈ کے سی ای او / مستقل صدر کی تعیناتی کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت ہوں گے۔ کابینہ کے اجلاس میں لوکل گورنمنٹس کیلئے افسران کی تقرری سے متعلق امور کی منظوری دی گئی۔صوبائی محتسب اعلیٰ کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2018 پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے قرارداد پیش کی جسے پنجاب کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ پنجاب کابینہ کا یہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کرتا ہے۔ پنجاب کی حقیقی ترقی کا سفر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رہے گا۔ترقی کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ آنے دی جائے گی نہ ہی کسی کو حائل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکساں ترقی کے ویژن کے تحت خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے۔ پسماندہ اور محروم علاقوں خاص طور پر جنوبی پنجاب کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد اور شر انگیز پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کی پرزور مذمت کی گئی اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ حقائق کو مسخ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ فورم پر قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے کیونکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف چند عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت بے بنیاد مہم چلا رہے ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمودالرشید، فیاض الحسن چوہان، اختر ملک، عمار یاسر سمیت پوری کابینہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کابینہ کے کسی ممبر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔2 برس کے دوران ایک بھی سکینڈل سامنے نہ آنا پنجاب حکومت کا کریڈٹ ہے۔ سکینڈل کے سامنے نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صاف ستھری قیادت ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب کو مخصوص ایجنڈے کے تحت ٹارگٹ کرنا افسوسناک ہے۔سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی، شرانگیز اور بے بنیاد الزام تراشی کا کوئی جواز نہیں۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ آپ کی قیادت پر بھر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات میاں محمودالرشید نے کہا کہ ہم آپ پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور آپ کے خلاف منظم مہم کی مذمت کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عثمان بزدار ہم سب کے وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔پوری قوت کے ساتھ عثمان بزدار کا ساتھ جاری رکھیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے سعودی عرب کے سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خیریت دریافت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔ سردار عثمان بزدار سے عالمی شہرت یافتہ لوک گلوکار عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی فن کی دنیا کا روشن اور تابندہ ستارہ ہیں۔ عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی نے دھرتی باسیوں کے درد کو گیتوں میں سمو دیا۔ ان کی آواز ہر صاحب ذوق شخص کے دل کو بھاتی ہے۔

مزید :

صفحہ اول -