کورونا سے مزید38افراد جاں بحق،1164نئے کیس،پنجاب کے چار شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ
لاہور، اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک )ملک بھر میں کورونا سے مزید 38 افراد جاں بحق اور، 1164 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد 5669 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 266955 تک جاپہنچی ہے ملک بھر سے کورونا کے مزید 1164 کیسز اور 38 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 551 کیسز اور 22 اموات، پنجاب سے 253 کیسز 7 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 280 کیسز اور 6 اموات، بلوچستان سے 28 کیسز اور 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 26 کیسز ایک ہلاکت، گلگت 19 کیسز اور آزاد کشمیر 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔پنجاب سے کورونا کے 253 کیسز اور 7 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔سرکاری پورٹل کے مطابق پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی کْل تعداد 90444 اور ہلاکتیں 2090ہو چکی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا کے 66021 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سیکورونا کے مزید 26 کیسز اور ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔گلگت بلتستان سے اکورونا کے مزید 19کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔آٓزاد کشمیر سے بھی کورونا کے مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔سندھ میں کورونا کے باعث مزید 22 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2041 ہوگئی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 551 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 114104 ہوگئی ہے۔اس کے علاوہ صوبے میں اب تک 94297 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں منگل کو کورونا سے مزید 2 افراد انتقال کرگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 135 ہوگئی۔محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 28 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 11469 ہوگئی۔اس کے علاوہ بلوچستان میں اب تک کورونا سے 9381 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس کے باعث مزید 6 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1153 ہوگئی۔دوسری طرف کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے پنجاب کے چار شہروں کے مختلف علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرکیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، گجرات، سیالکوٹ اور گوجرانوالا کے زیادہ کورونا کیسز والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیالکوٹ میں کلاں لدھڑ اور ٹاؤن غازی پور، واہ کینٹ میں وارڈ 3، وارڈ 8 اوریوسی سرائے کالا میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے جب کہ گجرات میں محلہ کالوپورہ، چاہ ترنگ اورگاوں مدینہ سیداں میں اسمارٹ لاک ڈان لگایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں نندی پور، اروپ ٹاؤن اور قلعہ دیدار سنگھ میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں اشیاء ضروریہ میسر رہیں گی اور لاک ڈاؤن کا مقصدزیادہ کیسز والے علاقوں سے آمدورفت کو محدودکرنا ہے۔
کورونا