دارالسکون کی بانی سسٹر رتھ لیس کورونا سے انتقال کرگئیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)معروف سماجی ادارے دارالسکون کی بانی سسٹر رتھ لیس کورونا وائرس سے کراچی میں انتقال کرگئیں، وزیراعلی سندھ اور دیگر شخصیات نے تعزیتی پیغامات میں ان کی خدمات کو سراہا ہے۔انتظامیہ دارالسکون کے مطابق سسٹر رتھ لیوس2مئی 1946کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور دارالسکون میں 50سال خدمات انجام دیں، ان میں 8 جولائی کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔دارالسکون انتظامیہ کے مطابق سسٹر رتھ لیوس دارالسکون کی بانیان میں سے تھیں، ان کا گزشتہ رات انتقال ہوا ہے، اور مرحومہ کی آخری رسومات آج(بدھ)دوپہر 2 بجے خداداد کالونی کے کرائسٹ دی کنگ چرج میں ادا کی جائیں گی۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سسٹر رتھ لیوس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، انہوں نے مرحومہ کی فیملی اور دارالسکون کے اسٹاف سے تعزیت کی۔انہوں نے کہاکہ سسٹر رتھ لیوس کی خدمات خصوصی بچوں کی تربیت اور پرورش کے لیے ناقابل فراموش ہیں، مشیر قانون مرتضی وہاب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ سوسائٹی ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔سسٹر رتھ لیوس کی معذور بچوں کے لئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔انتظامیہ دارالسکون نے انکشاف کیا کہ دارالسکون میں 21 بچے بھی کورونا سے متاثر ہیں، سسٹر رتھ لیوس ان بچوں کی دیکھ بھال کے دوران کورونا سے متاثر ہوئیں، کورونا سے متاثر تمام بچوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔