سندھ حکومت کی بہتر پالیسی سے کرونا پر قابو پایاجارہا ہے، مرتضیٰ وہاب

  سندھ حکومت کی بہتر پالیسی سے کرونا پر قابو پایاجارہا ہے، مرتضیٰ وہاب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کے تعاون سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جارہا ہے یہ سندھ حکومت کی بہتر پالیسی کی وجہ سے ایسا ممکن ہوا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بہت لوگ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے سندھ حکومت کی کرونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکمت عملی کامیاب رہی ہے۔ انہوں نے کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں اکیس جولائی تک ایک لاکھ تیرا ہزار کرونا کے مریض سامنے آئے جبکہ دیگر صوبوں میں یہ تعداد بہت کم رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ترجمان اسے غلط انداز میں پیش کرتے ہیں کہ سندھ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کرونا کے مریض زیادہ ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ سندھ میں ساڑھے چار لاکھ ٹیسٹ ہوچکے ہیں جبکہ پنجاب جس کی آبادی سندھ سے کئی گنا زیادہ ہے وہاں چار لاکھ کے قریب کرونا وائرس ٹیسٹ ہوئے۔سندھ میں پنجاب سے دوگنے ٹیسٹ کئے گئے سندھ میں کرونا وائرس کے متاثرہ مریضوں میں ریکوری کی شرح بھی زیادہ ہے۔ سندھ میں بیاسی فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں یہ تعداد بہت کم ہے انہوں نے کہا کہ کرونا سے مریضوں کے جاں بحق ہونے کی شرح بھی سندھ میں تمام صوبوں سے کم ہے ترجمان سندھ حکومت نے کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تمام تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اعدادوشمار بتانے کا مقصد عوام کا حکومت کے ساتھ مثبت تعاون ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے محکمہ صحت شہریوں کے بلا معاوضہ کرونا ٹیسٹ کررہا ہے اگر کسی فرد میں کوئی علامت ہے تو ٹیسٹ ضرور کروائیں۔سندھ حکومت کرونا کے حوالے سے مزید قانون سازی کرنے جارہی ہے۔ بعد ازاں ترجمان سندھ حکومت نے کرونا کے بعد ملکی حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی کرپشن کا وائرس بڑی تیزی سے ملک میں پھیل رہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ عملی طور پر پی ٹی آئی اپنے نعرے سے منحرف ہوکر ایک نہیں دو پاکستان پر عمل کررہی ہے انہوں نے نے مطالبہ کیا کہ اب ان افراد کو منی ٹریل دینا چاہئیے جنہوں نے بیرون ملک کروڑوں اربوں روپے ٹرانسفر کئے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔ اس موقع پر ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے ہمراہ پیپلز پارٹی سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری سینیٹر عاجز دھامرہ، ایم پی اے ذوالفقار شاہ اور فدا حسین ڈھکن بھی موجود تھے۔
مرتضیٰ وہاب

مزید :

صفحہ اول -