حکومت کا ٹائیٹنک اس کے اپنے بوجھ سے ہی ڈوبنے والا ہے: سراج الحق

  حکومت کا ٹائیٹنک اس کے اپنے بوجھ سے ہی ڈوبنے والا ہے: سراج الحق

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتی کنڑول آدھی درجن مافیاز نے سنبھال رکھا ہے۔جدھر نظر اٹھائیں لینڈ، ڈرگ،شوگر،گندم،آئل مافیاز اور کرپٹ اشرافیہ کا راج ہے۔حکومت کا ٹائیٹنک اس کے اپنے بوجھ سے ہی ڈوبنے والا ہے۔وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج قومی خزانے پر بوجھ ہے۔عوام کو دووقت کے کھانے کے لالے پڑے ہوئے ہیں اور دوہری شہریت والے دوہری عیش کررہے ہیں۔جوحکومت دوماہ قبل خرید ی گئی ساٹھ لاکھ میٹرک ٹن گندم کی حفاظت نہیں کرسکی وہ قومی خزانے کی حفاظت کیسے کرسکتی ہے۔گندم غائب ہونے پر تشویش کے اظہار سے کام نہیں چلے گاذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔ ملکی مسائل کا حل صرف نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ میں ہے۔اسلامی و خوشحال پاکستان صرف دیانتدار قیادت بنا سکتی ہے۔موجودہ حکومت نے تبدیلی کے جو خواب دکھائے تھے وہ سارے چکنا چور ہوچکے ہیں۔اصل تبدیلی جماعت اسلامی لیکر آئے گی۔ کرونا وبا میں الخدمت فاؤنڈیشن نے متاثرین کی خدمت کا حق ادا کردیا ہے جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔الخدمت کے رضا کار سے لیکر ہر سطح کے ذمہ دارمبارک باد اور شاباش کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی صدر محمد عبد الشکور اور سیکرٹری شاہد اقبال سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم نے کسی اہلیت کے بغیر اپنی پسند اور ناپسند کی بنیاد پروزیر وں اور مشیروں کوبھرتی کیا جس سے قومی خزانے پر ناقابل برداشت بوجھ پڑا۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -