نیپرا تحقیقاتی کمیٹی نے کے الیکٹرک کو شہر قائدمیں لوڈشیڈنگ کا ذمہ دار قرار دیدیا
اسلام آباد(آئی این پی) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔نیپرا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کے الیکٹرک کیخلاف شکایات پر بنائی گئی انکوائری کمیٹی نے تحقیقاتی رپورٹ اتھارٹی کو پیش کر دی ہے اور رپورٹ کاجائزہ لینے کے بعد نیپرا نے مزید کارروائی کافیصلہ کیا ہے۔اس سلسلے میں ابتدائی طور پر نیپرا نے کے الیکٹرک کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے شہر قائد میں بجلی فراہم کرنے کی ذمہ دار کمپنی کے الیکٹرک کی جانب سے اوورلوڈشیڈنگ اور دیگر عوامی شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عوامی سماعت کی تھی۔سماعت کے بعد نیپرا نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے کے الیکٹرک ہیڈآفس کا دورہ اور پیداواری صلاحیت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوامی شکایات بھی سنی تھیں۔کراچی میں اووربلنگ کی بڑھتی شکایات کے پیش نظر گورنر ہاؤس کی جانب سے چیئرمین نیپرا کو خط ارسال کیا گیا تھا۔خط کے مطابق کے الیکٹرک کے حوالے شہریوں کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں، عام عادمی کیلئے بجلی کا بل ایک ڈرانے خواب کی طرح ہوگیا ہے۔
نیپرا نوٹس