سندھ اسمبلی میں آتشزدگی کی تحقیقات کی جائیں،خرم شیرزمان

سندھ اسمبلی میں آتشزدگی کی تحقیقات کی جائیں،خرم شیرزمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ اسمبلی میں آگ لگی ہے یا لگائی گئی ہے، اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ ہم تحقیقاتی اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سب سے پہلے دیکھا جائے کہ اس کا فائدہ کسے ہوا ہے۔جب ہم نے اس کمرے کا دورہ کیا تو ہم نے دیکھا کہ تمام فائلیں ایک طرف جمع تھیں اور جل کر راخ ہوچکی ہیں۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کیاآگ لگنے کے سبب وہ ریکارڈ بھی جل گیا ہے جو نئی سندھ اسمبلی کا تھا؟ یا جو اسمبلی کے سامنے اراکین اسمبلی کے لئے عالیشان محل تعمیر ہو رہا ہے اس کا ریکارڈ تو نہیں جلا دیا گیا؟۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے ریکارڈ روم کاجائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کراچی سعید آفریدی، اراکین سندھ اسمبلی راجہ اظہر، شہزاد قریشی، صدر پی ٹی آئی کراچی کے مشیر عمران صدیقی موجود تھے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ہمیں اینٹی کرپشن کے ادارے سے شفاف تحقیقات کی امید نہیں لیکن ہم نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر اس بات کی تحقیق کی جائے کہ ریکارڈ روم میں با ر بار آگ کیوں لگتی ہے۔ کچھ عرصہ قبل سندھ سیکریٹریٹ میں بھی آگ لگی تھی جس میں ریوینیو کا ریکارڈ جل گیا تھا۔ سندھ کے عوام سوچیں کہ ان کے پیسوں کا حساب کتاب پیپلز پارٹی کی حکومت میں بار بار کیوں جل جاتا ہے۔ ہم اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر واقعے کی تحقیقات کروائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے 12سالہ دور حکومت میں عوام کی روزانہ کی بنیاد پر چیخیں نکل رہی ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ ان کے نالائق مشیر اور وزیر ہیں، سندھ کی عوام سسک سسک کے دن گزار رہی ہے۔ 12سال کے دور حکومت میں پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کو پینے کاصاف پانی تک فراہم نہیں کر سکی۔ کچھ دن پہلے ہم نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ 35ارب کے آر او پلانٹس سندھ میں بند پڑے ہیں۔وزیر تعلیم بتائیں کہ سندھ کے بچے سندھ کے تعلیم کے نظام پر اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود معیاری تعلیم سے محروم ہیں۔پورا صوبہ سندھ اس وقت صحت کے نظام سے محروم ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -