کراچی،بھتہ خوروں ایک مرتبہ پھر پرچیاں بھیجنا شروع کردیں

  کراچی،بھتہ خوروں ایک مرتبہ پھر پرچیاں بھیجنا شروع کردیں

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بھتہ خوروں نے نے ایک بار پھر سے اولڈ سٹی ایریا میں اپنی موجودگی کا احساس دلانا شروع کر دیاہے۔کھارادر کے علاقے اولڈ سٹی ایریا میں بھتہ خور گروپ نے ڈرائی فروٹ اور دال چاول کا کاروبار کرنے والے 2 دکانداروں کو بھتے کی پرچیاں بھیج دیں،بھتے کی پرچیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے پر تاجروں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ایس ایچ او کھارادر احسن ذوالفقار نے اس ضمن میں بتایا کہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک شخص سائیکل پر اکیلا آیا تھا جس نے ایک بھتے کی پرچی جس پر 2 لاکھ روپے بھتہ لکھا تھا ڈرائی فروٹ اور بھتے کی دوسری پرچی جس پر ایک لاکھ روپے بھتہ طلب کیا گیا دال چاول کے دکاندار کو تھما کر فرار ہوگیا، ڈرائی فروٹ کے مالک کو 2 لاکھ روپے بھتے کی جو پرچی دی گئی ہے اس میں لکھا ہے کہ گزارش ہے کہ آپ ہماری درخواست پر عمل کرینگے۔بھتے کی پرچی واجا گینگ کی جانب سے بھیجی گئی ہے جس پر لکھا ہے کہ بروز پیر کی شام 6 بجے تک 2 لاکھ روپے کی ادائیگی ہو جانی چاہیے اور اگر نہیں دیئے تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے، دکان بند کرنے سے پہلے شام 6 بجے پیسے کاغذ کی تھیلی میں رکھ کر شاپر میں ڈال کے اپنی کار کے پاس چھوڑ جانا ہمارے آدمی تمہیں واچ کر رہے ہیں۔پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر تھانے کی حدود کھوڑی گارڈن کے تاجر کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے، دو لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر تاجر کے بیٹے کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔دوسری جانب کھارادر پولیس نے کاغذی بازار میں بھتہ نہ دینے پر زیر تعمیر عمارت کے باہر ہوائی فائرنگ اور انٹرنیشنل نمبر سے کال کر کے بھتہ طلب کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔آل سٹی تاجر اتحادکے صدر حماد پونا والا کے مطابق آل سٹی تاجر اتحاد کے ممبر کو بھتے کی پرچی موصول ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ چند شرپسند عناصر شہر کا امن خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہمیں اپنے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -