میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اگست تک توسیع
لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں ملوث میر شکیل الرحمن کے جوڈیشل ریمانڈ میں 5 اگست تک توسیع کردی ہے عدالت نے ریفرنس سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے اس کیس میں شریک ملزمان سابق وزیراعظم میاں نواز شریف،ہمایوں فیض رسول اور میاں بشیر احمد کوبھی آئندہ تاریخ پیشی پرطلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں احتساب عدالت کے جج اسد علی نے میر شکیل الرحمن کے خلاف دائر ریفرنس کی سماعت کی کیس کی سماعت شروع ہوئی تو فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا تمام ملزمان حاضرہیں؟جس پر پراسیکیوٹر حارث قریشی نے عدالت کوبتایا کہ میاں نواز بیرون ملک فرار ہے، ہمایوں فیض رسول اور میاں بشیر احمد زیر حراست نہیں جبکہ ایک ملزم میر شکیل الرحمن زیر حراست ہے، فاضل جج نے استفسار کیا کہ میر شکیل الرحمن کو کیوں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا؟جس پر میر شکیل الرحمن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کورونا ایس او پیز کے تحت 31 جولائی تک زیر حراست ملزموں کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہاجس پر فاضل جج نے مذکورہ بالاحکم کے ساتھ کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔