جمہوریت میں اظہار رائے کی آزادی بنیادی حق ہے، ایمل ولی خان
پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے صحافی مطیع اللہ جان کی نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر بازیاب کرایا جائے۔ ہر شہری کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے کیونکہ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ایسے عمل کے ذریعے کسی کو بھی خاموش نہیں کرایا جاسکتا، آج بھی ایسا لگ رہا ہے کہ 73سال بعد پاکستان ابھی تک جمہوری ملک نہ بن سکا۔ ایک صحافی کو برداشت نہ کرنیوالے اس ملک کو چلا نہیں سکتے بلکہ برباد کردیں گے۔ ایمل ولی خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے نامکمل اور کمزور ترین موقف شرمناک اور افسوسناک ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا موقف انتہائی کمزور، افسوسناک اور شرمناک ہے۔ انہوں نے شبلی فراز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کا نمائندہ نہیں بلکہ نامور شاعر احمد فراز کا بیٹا بن کر سوچے کہ آج وہ کیا سوچ رہے ہوں گے۔ آج فراز صاحب کی روح قبر میں رورہی ہوگی۔