130 روپے فی کلو دودھ فروخت کرنے پر 18 افراد جیل منتقل

130 روپے فی کلو دودھ فروخت کرنے پر 18 افراد جیل منتقل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے 130 روپے فی کلو دودھ فروخت کرنے پر 18 افراد کو جیل بھیج دیا۔ عوامی شکایات اور صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی‘ سیکرٹری خوراک فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ نعمان عامر اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے گلبرگ اور تہکال کے مختلف علاقوں میں دودھ کی دکانوں میں عام شہری کے روپ میں خریداری کی اور نرخوں بارے آگاہی حاصل کی بعد ازاں محکمہ خوراک کے افسران نے سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر گلبرگ سے 5 اور تہکال سے 13 افراد کے خلاف مراسلے متعلقہ تھانوں میں جمع کئے جن کو قانونی کارروائی کے بعد جیل منتقل کردیا گیا۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروش کسی صورت بھی رعایت کے مستحق نہیں جن کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کو معیاری اور سرکاری نرخنامے کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی ممکن ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرانفروش اپنا قبلہ درست کرے بصورت دیگر ان پر بھاری جرمانے عائد کرنے سمیت جیل بھیج دیا جائیگا اور کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی اور گرانفروشوں کو نشان عبرت بنایا جائیگا۔