محکمہ بلدیات کی جانب سے عید قربان پر صفائی ونکاسی کی ہدایات جاری
پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ بلدیات حکومت خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ اداروں کو عید الاضحی 2020کیلئے صفائی و نکاسی کے جامع منصوبے بنانے کی ہدایات جاری کی۔محکمہ بلدیات نے یہ ہدایات خیبر پختونخوا کے تمام ایڈمنسٹرز /ٹی ایم اوز، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز کے تمام سی ای اوز،ایل اے ایز کے تمام ڈائر یکٹر جنرل/پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور بلدیات کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کے نام جاری کردہ ایک سرکلر میں دی ہیں۔ تحصیل /ٹاوٗن میونسپل ایڈمنسٹریشن (TMAs)اور واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کمپنیز (WSSCs)سے کہا گیا ہے کہ وہ ہدایات کیساتھ منسلک فارمیٹ کے مطابق آنے والی عید الاضحی کیلئے صفائی ونکاسی کے جامع منصوبے بنائیں۔ہر تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور واٹر اینڈ سنیٹیشن سروسز کمپنیز کو متعلقہ ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے مختلف جغرافیائی زونز کیلئے مختلف ٹیمیں بنانے کا کہا گیا ہے۔متعلقہ حکام کو صفائی کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو مناسب مقامات بر وقت ٹھکانے لگانے کیلئے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔