مہر سلطانہ کا دوہری شہریت کے حامل وزراء سے مستعفی ہونیکا مطالبہ

مہر سلطانہ کا دوہری شہریت کے حامل وزراء سے مستعفی ہونیکا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات و ممبر صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ دوہری شہریت کے حامل وزراء کو فوری طور پر وفاقی کابینہ سے مستعفی ہو جانا چاہئے اور ان کے حلقوں میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں کیونکہ غیرملکی شہریت رکھنے والے عوام کی خدمت نہیں کر سکتے۔ مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ دوہری شہریت والے افراد نے الیکشن سے پہلے پوری زندگی بیرون ممالک میں گزاری ہے جن کو عوام کے مسائل بارے کوئی آگاہی نہیں ہے اور وہ محلات میں بیٹھ کر عوام کے مستقبل کے فیصلے کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ایک بار پھر ہوشر باء اضافہ کرنے کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کا عوام کو ریلیف دینے کا کوئی ارادہ نہیں کیونکہ حکومت کی جانب سے بار بار عوام پر مہنگائی کے ڈرون حملے کئے جاتے ہیں جس کے باعث لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو پاکستان تحریک انصاف نہیں بلکہ آئی ایم ایف چلا رہی ہے اوپر سے جو ڈکٹیشن انہیں ملتی ہے اس پر عملدرآمد کیا جاتا ہے جس سے غریب عوام براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اجمل وزیر کے آڈیو سکینڈل سے متعلق کہا کہ کرپشن کے خلاف آواز اٹھانے والے خود کرپشن کے مرتکب ہو رہے ہیں جبکہ حکومت کا بیانیہ تبدیل نہیں ہو رہا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے قول اور فعل میں تضاد ہے اور حکومتی عہدیدار خود کرپشن میں ملوث ہیں اور حکومت پر پردہ ڈالنے کیلئے کرپشن کیخلاف نام نہاد بیانیے کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام روز بروز غریب سے غریب تر ہو رہے ہیں جبکہ حکمران اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہیں جس کی واضح مثال یہ ہے کہ عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا ہے اور ممبران قومی وصوبائی اسمبلی کی تنخواہوں میں کچھ عرصہ بعد اضافہ کیا جاتا ہے۔