بٹ خیلہ،عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق بارے اجلاس
پشاور(سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر و کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز ریحان خٹک کی زیر صدارت منگل کے روز ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ بٹ خیلہ میں عید الاضحی کے دوران متعین کردہ ایس او پیز اور ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر رحمت علی وزیر،اسسٹنٹ کمشنربٹ خیلہ سہیل احمد کے علاوہ ٹی ایم اوز، محکمہ صحت کے حکام اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں عیدا لاضحی کے موقع پر حکومتی ایس او پیز، قربانی و عید قربان کے دوران موثر انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے مختلف تجاویز کو زیر غور لایا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عید قربان کے دوران ضلع میں تحصیلوں کی سطح پر سرکاری منڈیوں میں ایس او پیز کے مطابق تمام سہولیات فراہم کئے جائیں اور کرونا کے پیش نظر صفائی اور دیگر حفاظتی انتظامات کا ہر حالت میں خیال رکھا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع میں جگہ جگہ غیر قانونی اور پرائیویٹ منڈیوں کو ٹی ایم اے سے این او سی لینا لازمی ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نے اس ضمن میں لیوی پوسٹ کمانڈر ز کو بھی ضروری عملدرامد کے لئے احکامات جاری کئے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ٹی ایم اے نے عید کے دوران قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کیلئے تقریباََ 800 بیگز کا آرڈر دیا ہے اور عید الاضحی کے دوران ان بیگز کو شہریوں میں آلائشوں کے ڈالنے کیلئے تقسیم کیا جائے گا جبکہ سینیٹیشن کی چار ٹیمیں ہمہ وقت نماز کے بعد گلی کوچوں سے آلائشیں اور گندگی اٹھانے کا اہتمام کرے گی۔اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ کسی بھی تنظیم کو NOC کے بغیر قربانی کی کھالوں کو اکھٹا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ کوئی تنظیم اس ضمن میں اپنا تشہیری پمفلٹ اویزاں کر ے گی جبکہ دعوت اسلامی نامی جسکے پاس کھالیں اکھٹا کرنے کی NOC موجود ہے ضلع میں کھالیں اکھٹا کر سکتی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام محکمہ جات کو ہدایت کی کہ وہ عید قربان کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کورونا کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے TMA کے اہلکاروں میں توصیفی اسناد تقسیم کئے اور ان کی کارکردگی کو شاندار الفاظ میں سراہا۔