کورونا اور ٹڈی دل کیخلاف کارروائی میں محکمہ زراعت کی کارکردگی بے مثال
کوھاٹ (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت ولائیو سٹاک محب اللہ خان نے کرونا وائرس کے باوجود ٹڈی دل پرقلیل مدت میں قابو پانے پرمحکمہ زراعت اوراس کے تمام معاون محکموں کو زبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔ وہ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت کوہاٹ کے دفترمیں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کررہے تھے جوکہ محکمہ زراعت اوراس کے معاون محکموں کی کارکردگی کااعتراف کرتے ہوئے ان میں موٹرسائیکل اورتعریفی اسناد کی تقسیم کیلئے منعقد کی گئی تھی۔ تقریب میں سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار،ڈی جی زراعت توسیع عابد کمال، ڈی سی کوہاٹ کپٹن(ر) عبدالرحمن اورتمام متعلقہ اضلاع کے زراعت کے افسران اورمتعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔ وزیر زراعت نے کہا کہ موجودہ حکومت سے قبل حکومتوں نے زراعت کو وہ ترقی نہ دی جس کا یہ شعبہ حق رکھتا تھا تاہم وزیر اعظم عمران خان نے حکومت میں آتے ہی زراعت کو نیشنل ایمرجنسی ڈیکلیئر کیا جس پر 309 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ایمرجنسی کے تحت زراعت کی ترقی کیلئے پانچ سالہ اوردس سالہ منصوبے بنیں گے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ ستر سالہ تاریخ میں شعبہ زراعت پر صرف 44 ارب روپے خرچ ہوئے جبکہ پی ٹی آئی نے مختصر عرصہ میں 95 ارب روپے اس شعبہ پر خرچ کئے۔ انہوں نے کہا کہ 75 فیصد لوگوں کا دارومدار زراعت پرہے۔لہٰذا اس محکمہ کی بہتری پاکستان کی 75 فیصدلوگوں کی بہتری اورترقی ہے۔خیبرپختونخوا میں زراعت کی ترقی کاذکر کرتے ہوئے محب اللہ خا ن نے کہا کہ مرکزی،صوبائی اورڈونر فنڈز سے زراعت کی ترقی کیلئے بنیادی منصوبے زیر عمل ہیں جن میں کاف سیونگ،رورل پولٹری، 75000 واٹرکورسز کی پختگی،بارانی ڈیموں کی نہروں کی پختگی، بنجر ز زمینوں کی آباد کاری،گندم،گنے اورآئل سیڈ کی پیدوار میں اضافہ کے منصوبے شامل ہیں۔ اسی طرح نیشنل پروگرام فارسائل کنزرویشن اوربارانی زمینوں کی ترقی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ ان منصوبوں پراربوں روپے خرچ کئے جائیں گے جس کے نتیجے میں شعبہ زراعت سے وابستہ لوگوں کی آمدن اورزندگی میں یقینا مثبت تبدیلی آئیگی۔ محب اللہ خان نے عوام سے کہا کہ وہ اپنے اپنے ضلعوں میں موجود ضلعی افسران کے ساتھ رابطہ رکھیں اورشعبہ زراعت میں شروع ہونے والے منصوبوں سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ آئیں اواستحکام پاکستان کے لئے مخلصانہ کوششیں کریں تاکہ آئندہ نسلیں ہمیں اپنے محسنوں کے طورپر یاد رکھیں۔تقریب سے سیکرٹری زراعت، ڈی جی زراعت توسیع، ڈی سی کوہاٹ اورسابق ضلع ناظم نسیم آفریدی نے بھی خطاب کیا اورمحکمہ کے کردار کی تعریف کی۔قبل ازیں صوبائی وزیر نے محکمہ زراعت کے لوکسٹ ریسپانس ٹیم کے اہلکاروں میں موٹر سائیکلز کی چابیاں تقسیم کیں جبکہ تمام متعلقہ اضلاع کے افسران اوراہلکاروں میں تعریفی اسناد اورشیلڈز تقسیم کیں۔