فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا اجلاس
پشاور(سٹی رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ہدایا ت کی روشنی میں ریجنل ٹیکس آفس پشاور میں چیف کمشنر(FBR) پشاور سردارعلی خواجہ کی زیرصدارت اجلاس کاانعقادکیاگیا۔اجلاس میں فا ئنانس ایکٹ 2020 کے تحت انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مد میں کئے گئے نئے ترامیم پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف کمشنر(ایف بی آر) پشاورسردار علی خواجہ نے ٹیکس آفسران پر زور دیا کہ وطن عزیز کی معاشی استحکام کے لئے نئے قوانین پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیاجائے۔انکم ٹیکس قانون میں ترامیم پر اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر عثمان آصف، سیلز ٹیکس ترامیم پر اسسٹنٹ کمشنر ایف بی آر محمد یاسر نبی اور فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کے نئے قوانین پر ڈپٹی کمشنر ایف بی آر محمد طارق نے علیحدہ علیحدہ پریزنٹیشن دی۔اجلاس میں کمشنر کارپوریٹ زون طارق جمال خٹک، کمشنر پشاور زون محمد طارق ارباب، کمشنر ودہولڈنگ زون محمد ایاز، کمشنر آئی پی ڈی طارق بختیار، ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹر اجمل خان اور ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر محسن احسان اور دیگر ٹیکس آفسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔