شیخوپورہ، لاہور سرگودھا روڈ تجاوزات کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار
شیخوپورہ(محمد ارشد شیخ /سرفراز بیگ سے) ضلعی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت، لاپرواہی اور مبینہ طور پر تمہ نفسانی کے باعث اربوں روپے لی لاگت سے تعمیر ہونیوالی سڑک لاہور سرگودھا روڈ پختہ اور عارضی تجاوزات اور 24گھنٹے لگے گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہے۔یاد گار چوک سے لیکر صدر چوک تک سڑک کے دونوں اطراف تاجروں نے پختہ تھڑے اور عارضی ناجائز تجاوزات کے انبار لگا رکھے ہیں،جبکہ ضلعی انتظامیہ دانستہ طور پر آنکھیں بند کر کے خواب خرگوش کے مزے لوٹ رہی ہے۔یادگار چوک میں تو گرین بیلٹ تک رینٹ پر دئیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ریلوے روڈ، اکبر بازار، گلی ککے زئیاں، ہمایوں بازار، گلی زرگراں، خانوناوالہ چوک، جہانگیر بازار، خادم حسین روڈ، موبائل مارکیٹ، ریگل چوک، اور موٹر سائکل مارکیٹ بلخصوص بتی چوک میں کاروباری حضرات نے مین روڈ کو اپنے باپ دادا کی جاگیر سمجھتے ہوئے مستقل بنیادوں پر اڈے قائم کر رکھے ہیں، بعض مارکیٹوں کے آگے عین سڑک کے درمیان میں تو باقاعدہ موٹر سائیکل اور گاڑیوں کے اسٹینڈ بنائے گئے ہیں جہاں پر پرائیوئٹ عناصر جگہ ٹیکس وصول کرتے ہیں،موٹر سائکل مارکیٹ میں قائل چھوٹی بڑی ورکشاپس کے مالکان نے گندے موبلآئل اور کوڑے کے ڈھیروں کی وجہ سے نئی تعمیر ہونیوالی اس سڑک کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ خادم حسین روڈ لنڈا بازار اور سول کوارٹر روڈ کی سڑک پر بعض پرائیوئٹ عناصر ٹھیلوں، پھٹوں، کھوکھوں اور رہڑیوں پھڑیوں والوں سے ماہانہ بھتہ وصول کر رہے ہیں، مگر انتظامیہ نے نہ جانے کیوں یہاں سے منہ موڑ رکھا ہے، شیخوپورہ کی عوامی سماجی تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ محمد اصغر جوئیہ سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سڑک