فیصل آباد، سرکاری ہسپتال میں ادویات چوری میں ملوث گروہ پکڑا گیا
فیصل آباد(نامہ نگار خصوصی)ڈی ایچ کیوہسپتال فیصل آبادمیں سرکاری ادویات کی بڑے پیمانے پر چوری اور اسکی اونے پونے خرید وفروخت میں ملوث، ایک بڑے گینگ کا سراغ مل گیاہے جو عرصہ دراز سے ہسپتال سے مہنگی ترین ادویات اور انجکشن چوری کرتا چلا آرہاہے۔ ان ادویات میں کرونا وائرس میں ایمرجنسی کے طور پر استعمال ہونے والے انجکشن بھی شامل ہیں، اس گینگ میں ملوث ملازمین اور انکے دیگر ساتھیوں کو پولیس کے حوالے کردیاگیاہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ ایم ایس کی ہدایت پر سینئرڈاکٹرز پر مشتمل ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دید ی گئی ہے جو محکمانہ طور پرانکوائری کریگی۔ انکوائری کمیٹی میں ڈاکٹر غلام سرورایڈ یشنل ایم ایس اور ڈاکٹر محمد علی ڈی ایم ایس ایڈمن شامل ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق 1150روپے کا انجکشن اپنے ایک خاص دکاندار کے پاس بعض اوقات صرف 50 روپے میں ہی فروخت کیاجارہاتھا، اس گینگ میں ہسپتال کے چارملازمین بابرانور، عمران، انیل اور ساجد مشتاق شامل ہیں جن میں راجہ نامی ایک خریدار بھی شامل ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ اس گینگ میں ہسپتال کے بعض بااثر شخصیات بھی شامل ہیں۔
گروہ پکڑا گیا