”ماں جیسی ہستی پر تشدد کرنیوالے کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے “وزیراعلیٰ پنجاب نے راولپنڈی میں بیٹے کے ماں پر تشدد کے واقعہ کانوٹس لے لیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی میں بیٹے کے ماں پر تشدد کے واقعہ کانوٹس لے لیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاہے کہ ماں جیسی ہستی پر تشدد کرنیوالے کو جلد سے جلد گرفتار کیا جائے ،تشددکانشانہ بننے والی بزرگ خاتون کو انصاف فراہم کیا جائے ۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں والدہ پر تشدد کرنے والے بد بخت لڑکے کی بہن زوبیہ میر نے روتے ہوئے اپنی کہانی بیان کردی ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں زوبیہ میر نے بتا یا کہ ویڈیو میں جو بھی ہوا آپ نے دیکھا ہو گا ،وہ ویڈیو میں نے اسی لیے بنائی کہ اگر کوئی ہماری بات پر یقین نہ کرے تو وہ ویڈیو دیکھ لے ،میں یہ چاہتی ہوں کہ ہمیں انصاف ملے ۔زوبیہ میر نے بتا یا کہ بھائی نے امی پر تشدد کے بعد مجھے وائپر سے مارا اور بعد میں امی نے اسی وائپر سے بھائی کی گاڑی توڑ دی ،پھر میری امی بے ہوش ہو گئیں اور بھائی نے گلی میں جا کر گالیاں دینا شروع کردیں ۔اس کے بعد میری بہن نے پولیس کوفون کیا اور پولیس بھائی کو لے کر چلی گئی لیکن ایک گھنٹے بعد پھر بھائی واپس آگیا ،ہم امی کو ہسپتال لے کر گئے ہوئے تھے پیچھے سے بھائی نے گھر میں گھس کر میری بہن کے ساڑھے چار لاک روپے ،گھر کی ملکیت کے کاغذات اور بریف کیس لے کر فرار ہو گیا۔زوبیہ نے اپنے زخم دکھاتے ہوئے بتا یا کہ پولیس ابھی تک ایف آئی آر درج نہیں کر رہی۔