عید الاضحیٰ پرمسجدالحرام کو 2روزتک بند رکھنےکااعلان کیوں کیاگیا؟
مکہ مکرمہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسجد الحرام کو دوروز تک نمازیوں کے لیے بند کرنے کااعلان کیا ہے۔ سعودی حکومت کے مطابق فیصلہ کورونا کا پھیلاوروکنے کیلئے کیاگیاہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے سکیورٹی حکام نےکہا ہے کہ عازمین حج کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے عید الاضحیٰ کے موقع پر مسجد الحرام کو دو روز تک بند رکھا جائے گا۔
حج کے حوالے سے کی گئی منصوبہ بندی کے پہلے مرحلے کااعلان کرتے ہوئے سکیورٹی حکام نے کہا کہ عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی سیکیورٹی عہدیدار میجر جنرل محمد الاحمدی نے بتایا کہ مسجد الحرام کو یومِ عرفہ اور عید الضحیٰ کے دن نمازیوں کے لیے بند رکھا جائے گا اور مسجد کے باہری احاطے میں بھی نماز کی ادائیگی پر پابندی برقرار رہے گی۔
انہوں نے مکہ کے شہریوں پر زور دیا کہ یوم عرفہ کے دن روزہ اپنے گھروں میں افطار کریں۔
ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ مکہ میں منٰی اور مزدلفہ کے مقام پر بنایا گیا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر مکمل طور پر فعال ہوگا۔
یاد رہے کہ کورونا وبا کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے مارچ میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں 24 گھنٹے کا کرفیو اور مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا تھا اور مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں تاحکم ثانی عام لوگوں کا داخلہ بند کردیا تھا۔
سعودی عرب کی حکومت نے احتیاطی تدابیر کے پیش نظر عمرے کو بھی عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا جب کہ سعودی حکومت نے کسی بھی دوسرے ملک سے حج کے حوالے سے معاہدہ نہیں کیا تھا۔