وزیراعظم پی سی بی کے معاملات میں مداخلت کرتے ہیں یا نہیں؟ احسان مانی میدان میں آ گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہمارے معاملے میں زیادہ مداخلت نہیں کرتے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں غیرملکی کرکٹرز کو کھیلتا دیکھنے کی خواہش ہے، نیا ڈومیسٹک نظام اس خواہش کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ احسان مانی کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ نظام سابق کرکٹرز کو ماضی سے زیادہ روزگار دے گا، سابق کرکٹرز کو سمجھنا ہوگا کہ پہلے صرف پی سی بی تھا لیکن اب 6 مزید ایسوسی ایشنز میں بھی روزگار پیدا ہورہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پی سی بی کے معاملات میں زیادہ مداخلت نہیں کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں احسان مانی نے کہا کہ بھارت کیساتھ کھیلنے کو تیار ہیں مگر ان کے پیچھے پیچھے نہیں بھاگیں گے، ماضی کا مطالعہ کرلیں تو سیریز سے گریز ہمیشہ بھارت نے کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ڈومیسٹک کرکٹ سٹرکچر میں حائل رکاوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بات ہوئی اور وزیراعظم کو ڈومیسٹک کرکٹ کو مستحکم کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔