گیس کے شعبے میں گھریلو اور صنعتی شعبے کی ضروریات بڑھ رہی ہیں،وزیراعظم نے بڑا اعلان کرد یا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گیس کے شعبے میں گھریلو اور صنعتی شعبے کی ضروریات بڑھ رہی ہیں،گیس شعبے کے نامور ماہرین سے مشاورت کا عمل شروع کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت گیس کے شعبے سے متعلق اجلاس ہوا جس میں پرویز خٹک، شبلی فراز، فہمیدہ مرزا، اسد عمر، عمرایوب،ندیم بابر،شہباز گل نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک میں گیس کی طلب و رسد، گیس انفراسٹرکچر میں درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔معاون خصوصی ندیم بابر نے ملکی سطح پر گیس پیداوار،طلب و رسد پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گیس کے شعبے میں گھریلو اور صنعتی شعبے کی ضروریات بڑھ رہی ہیں،مقامی طور پر گیس کے محدود ذخائر فوری جامع منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ گیس معاملات کا تعلق کسی ایک صوبے سے نہیں بلکہ پورے ملک سے ہے،گیس معاملات پر باہمی مشاورت سے مستقبل کے لائحہ عمل کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ گیس شعبے سے متعلق حقائق مشترکہ مفادات کی کونسل کے سامنے رکھے جائیں،گیس شعبے کے نامور ماہرین سے مشاورت کا عمل شروع کیا جائے۔