شبلی فراز اورمریم اورنگزیب میں شدید تلخ کلامی،وفاقی وزیر قائمہ کمیٹی کا اجلاس چھوڑ کر چلے گئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات میں نجی ٹی وی چینل کی بندش پر وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور ترجمان مسلم لیگ(ن)مریم اورنگزیب میں شدید ترین تلخ کلامی،سینیٹر شبلی فراز کمیٹی اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔
قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین میاں جاوید لطیف کی زیر صدارت ہوا،اجلاس میں کمیٹی ارکان کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز،پیمرا،وزارت اطلاعات ، اسلام آباد پولیس و دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔نجی ٹی وی چینل24 اور نیو ٹی وی کی بندش پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیوز کرنٹ افیرز کے چینل کی28 کروڑ کی بولی تھی،انڑٹینمنٹ کے چینل کا لائسنس 5 کروڑ میں ملتا ہے،آپ سمجھتے ہیں کہ سائیکل کا لائسنس لیکر ہوائی جہاز چلایا سکتا ہے؟اگر ایک چینل انٹرٹینمنٹ کا لائسنس لیا ہوا ہے وہ نیوز کیسے چلا سکتے ہیں؟آپکو حکم امتناعی مل سکتا ہے لیکن اخلاقی طور پر ہم کمزور کھڑے ہونگے،تمام ارکان اس ایشو پر بات کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا پر غیر اعلانیہ سینسر شپ عائد کی گئی ہے،کوئی بھی قانون کے خلاف نہیں ہے، جس طرز پر ٹونٹی فور چینل بند کیا گیا جو طریقہ کار اختیار کیا گیا وہ کمیٹی کے سامنے لایا جائے۔
سینیٹرشبلی فراز نے کہا کہ طریقہ کار کو فالو کیا گیا،اگر قانون ہے تو ہمیں قانون پر عملدرآمد کرنا چاہیے۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر ایک چینل کیلئے رولز ایک ہونگے اور باقی کیلئے دوسرے تو یہ قابل قبول نہیں ہوگا۔نجی چینل کی بندش کے معاملے پر وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز اور مریم اورنگزیب میں شدید تکرار ہوگئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر قانون کے مطابق بندش ہوتی تو عدالت چینل کو بحالی نہ کرتی۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ آپ یہ کہنا چاہتی ہیں ملک میں سینسرشپ ہے،؟آپ دن سارا پریس کانفرنس میں بیٹھ کر گالیاں دیتے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے کونسی گالیاں دیں دکھائیں؟آپ کو ہمارے سوالوں کا جواب دینا ہوگا،سوال پوچھتے ہیں تو کہتے کہ گالی دیتے ہیں ۔اس دوران وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹرشبلی فراز قائمہ کمیٹی سے اٹھ کر جانے لگے،جس پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ کس طریقے سے وزیر کمیٹی کا اجلاس چھوڑ کر جا رہے ہیں؟۔سینیٹر شبلی فراز غصے میں آگئے اور کہا کہ آپ کون ہوتی ہیں مجھے اس طرز پر کہنے والی؟میں نے سوال کا جواب دیدیا ہے۔یہ کہتے ہو ئےشبلی فراز کمیٹی کا اجلاس چھوڑ کر چلے گئے۔