مکیش امبانی کی دولت میں ایک ہی دن میں اتنا اضافہ کہ دنیا کے پانچویں امیر ترین آدمی بن گئے
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) انڈیا اور ایشیا کے امیر ترین آدمی مکیش امبانی ایک ہی دن میں 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا نفع کمانے کے بعد دنیا کے پانچویں امیر ترین آدمی بن گئے۔
دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کرنے والے فوربز میگزین کے مطابق بدھ کے روز مکیش امبانی نے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کمائے ہیں جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 75 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔
بدھ کو ہونے والے منافع کے بعد مکیش امبانی گوگل کے بانی لیری پیج ، سرجی برن، سرمایہ کار وارن بفٹ اور ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک کو پیچھے چھوڑ کر پانچویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔
امریکہ کے کاروباری جریدے بلومبرگ کے مطابق رواں سال مکیش امبانی کی دولت میں 15 ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ بدھ کو ہونے والی پیشرفت کے بعد مکیش امبانی ٹاپ فائیو ایلیٹ کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔
ارب پتی افراد کی فہرست میں سب سے اوپر ایمازون کے بانی جیف بیزوس ہیں جن کے پاس 185 ارب 80 کروڑ ڈالر ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 113 ارب 10 کروڑ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر، فرانس کے برنارڈ آرنالٹ 111 ارب 90 کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسرے اور فیس بک کے بانی مارک زکر برگ 89 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔