وزیراعظم عمران خان کا بنگلہ دیشی ہم منصب حسینہ واجد سے رابطہ،کیا بات چیت ہوئی؟تفصیلات سامنے آگئیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجدکو ٹیلی فون کیا اور اُن سے بنگلہ دیش میں کورونا سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کیا،وزیراعظم نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے بنگلہ دیشی حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بنگلہ دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجدکو ٹیلی فون کیا اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ٹیلی فونک رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے کورونا سے درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے اپنے اپنے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے شیخ حسینہ واجد سے بنگلہ دیش میں آنے والے حالیہ سیلاب سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم عمران خان نے بنگلا دیشی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورت حال سے بھی آگاہ کیا اور خطے میں امن اور خوشحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے شیخ حسینہ واجد کو دورہ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔