پرچی چیئرمین کی پریس کانفرنس کے بعد بلی تھیلے سے باہر آچکی،سارے چور ملکر احتساب سے بچنے کیلئے۔۔۔مراد سعید نے ایک بار پھر اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا

پرچی چیئرمین کی پریس کانفرنس کے بعد بلی تھیلے سے باہر آچکی،سارے چور ملکر ...
پرچی چیئرمین کی پریس کانفرنس کے بعد بلی تھیلے سے باہر آچکی،سارے چور ملکر احتساب سے بچنے کیلئے۔۔۔مراد سعید نے ایک بار پھر اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لے لیا

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ چوروں سے نجات قوم کا مقدر ہے، عمران خان وسیلہ ہیں، عمران خان نے رائیونڈ اور سندھ کے چوروں سے بیک وقت قوم کی جان چھڑائی، پرچی چیئرمین کی پریس کانفرنس کے بعد بلی تھیلے سے باہر آچکی ہے، فرزند زرداری کی گفتگو نے واضح کردیا کہ سارے چور ملکر احتساب سے بچنے کیلئے زور لگاؤ کا نعرہ لگانے کی تیاریاں کررہے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے کہاکہ یپلز پارٹی کو  نیب یا نیب قانون پر نہیں انہیں چوری اور ڈاکہ زنی کے بارے میں سوالات پر اعتراض ہیں، کرپشن بچانے کیلئے پارلیمان کو استعمال کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو سوائے شرمندگی کے کچھ حاصل نہ ہوگا۔مراد سعید نے کہاکہ پرچی چیئرمین اسامہ بن لادن سے پیسے لیکر بی بی کیخلاف سازش کرنے والوں کیساتھ محبتیں بڑھائیں مگر ہمیں نہ ڈرائیں، بدعنوانوں کا کوئی اتحاد یا حزب اختلاف کی کوئی کانفرنس احتساب پر اثرانداز نہیں ہوسکتی، وباء کی ابتداء سے آج تک بدترین کارکردگی کا مظاہرہ اس صوبے نے کیا جہاں پرچی چیئرمین کی جماعت کی حکومت ہے۔

مراد سعید نےکہاکہ سندھ میں کروناءکاجوانمردی سےمقابلہ کرنےوالےڈاکٹرز بیماری کاشکار ہونے کےبعد وینٹی لیٹرز فراہم نہ کئےجانےکےباعث جاں بحق ہوئے ، سندھ میں ٹڈی دل فصلوں پر تو پیپلز پارٹی صوبائی وسائل پر ہاتھ صاف کرتی رہی، پاکستان میں کرپشن کے ہر بڑے مقدمے میں زرداری براہِ راست یا اپنے کسی کارندے کے ذریعے ملوث ہیں، یہاں وہاں بھاگنے سے کام نہیں چلے گا، پرچی چیئرمین سامنے آئیں، دودھ کا دودھ پانی کا پانی کردیں گے۔مراد سعید نے کہاکہ کرپشن کا حساب لیں گے اور سیاسی شرارتوں کا بھرپور جواب دیں گے۔

مزید :

علاقائی -اسلام آباد -