پٹرول بحران ،وزیر اعظم کے حکم پر بننے والی انکوائری کمیٹی نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو گرین چٹ دے دی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پٹرول کی حالیہ قلت پر بننے والی انکوائری کمیٹی نےآئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو "گرین چٹ "دیتے ہوئے اپنی رپورٹ کو حتمی شکل دے دی ہے جبکہ رواں ہفتے ہی انکوائری کمیٹی اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کر دے گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق حالیہ پٹرول بحران پر وزیر اعظم عمران خان کے حکم پرمعاون خصوصی شہزادسیدقاسم کی سربراہی میں قائم ہونے والی انکوائری کمیٹی رپورٹ کو حتمی شکل دےرہی ہے جبکہ انکوائری کمیٹی کی کوشش ہےاسی ہفتےرپورٹ وزیراعظم کوپیش کردی جائے۔ انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں قرار دیا ہے کہ پٹرول بحران میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کاگٹھ جوڑنظرنہیں آیا،آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے پاس پٹرول کی کمی بحران کی وجہ بنی،بحران کی بڑی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ماہانہ بنیاد پر تعین ہے۔انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں پٹرول کی طلب میں اضافہ بھی فیول سپلائی چین ٹوٹنےکی وجہ قراردیاگیا ہے۔انکوائری کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کاتعین7یا15روزہ بنیادپرکرنےکی سفارش کریں گے۔