سندھ کے ایک استاد گینز ورلڈ ریکارڈ میں اپنے خاندان کا نام شامل کرانے میں کامیاب، ملازمت، شادی اور 7 بچوں کی ولادت کی ایک ہی تاریخ

سندھ کے ایک استاد گینز ورلڈ ریکارڈ میں اپنے خاندان کا نام شامل کرانے میں ...
سندھ کے ایک استاد گینز ورلڈ ریکارڈ میں اپنے خاندان کا نام شامل کرانے میں کامیاب، ملازمت، شادی اور 7 بچوں کی ولادت کی ایک ہی تاریخ

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ سے تعلق رکھنے والے امیر علی منگی نامی ایک استاد دو سال کی کوششوں کے بعد گینز ورلڈ ریکارڈ میں اپنے خاندان کا نام شامل کرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کے گھر کے 9 افرادکی پیدائش ،ان کی شادی اور ملازمت ایک ہی تاریخ (یکم اگست )کو ہوئی ہے ۔

نجی ٹی وی دنیانیوز کے مطابق امیر علی منگی کا تعلق لاڑکانہ کے علاقہ دھامراہ سے ہے اور وہ ہائی سکول میں استاد ہیں،ان کا کہنا ہے کہ وہ علم نجوم پر یقین رکھتے ہیں، ان کا برج اسد ہے، انہوں نے جب محکمہ تعلیم جوائن کیا تو اس کی تاریخ یکم اگست تھی، اس طرح ان کی شادی بھی یکم اگست کو ہوئی تھی۔

امیر علی نے بتایا کہ وہ یکم اگست 1968ءکو پیدا ہوئے جبکہ ان کی بیوی کی پیدائش یکم اگست 1973ءکی ہے،ان کی پہلی اولاد بیٹی سندھو امیر یکم اگست 1990ءمیں پیدا ہوئی، اس کے بعد جڑواں بیٹیاں سسّی اور سپنا یکم اگست 1998ئ، بیٹا عامر یکم اگست 2001ء، اس کے بعد بیٹا امبر یکم اگست 2002ءاور اس کے بعد جڑواں بیٹے عمار اور احمر یکم اگست 2003ءکو پیدا ہوئے۔امیر علی منگی کا دعویٰ ہے کہ ان کے تمام بچوں کی پیدائش گھر میں نارمل ڈلیوری کے ذریعے ہوئی تھی جس کے بعدانہوں نے مقامی یونین کونسل میں پیدائش کا اندراج کرایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے ایک دوست ہیں سعید احمد انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ اس ریکارڈ کا دعویٰ کریں پھر جو چاہے نتیجہ آئے۔ 2018ءمیں آن لائن جا کر کلیم دائر کیا، ابتدا میں کوئی ریکارڈ ساتھ نہیں بھیجا تھا، اس کے بعدانہوں نے قومی شناختی کارڈ نمبر، تمام افراد کی الگ الگ تصاویر، سکول سرٹیفکیٹ اور یونین کونسل کے برتھ سرٹیفکیٹ طلب کیے جبکہ نادرا سے انہوں نے خود رابطہ کیا، دسمبر 2020ء میں انہوں نے آگاہ کیا اور مارچ 2021ءمیں سرٹیفکیٹ جاری کردیا۔ 

خیال رہے کہ امیر منگی پامسٹ اور شاعر بھی ہیں، انہوں نے سوشیالوجی، آئی آر، اکنامکس سمیت متعدد ماسٹرز ڈگریاں بھی حاصل کی ہوئی ہیں۔امیر علی نے امریکی شہری کا ریکارڈ توڑا ہے، گینز ورلڈ رکارڈ 1966ءکے مطابق کیمنز خاندان کے 5 بچے ایک ہی تاریخ یعنی 20 فروری کو پیدا ہوئے تھے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -علاقائی -سندھ -کراچی -