شام کی صورتحال پر بات چیت کے لیے روسی وزیرخارجہ سعودی عرب پہنچ گئے
جدہ ،قاہرہ(آن لائن)روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف شام کی کشیدہ صورتحال پر گفتگو کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔ لاروف نے اپنے دورے کے دوران سعودی ہم منصب شہزادہ سعود الفیصل سے ملاقات کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔ دوسری جانب سعودی فرما رواں شاہ عبداللہ نے قاہرہ ائیرپورٹ پرمصر ی صدر عبدالفتح السیسی سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماﺅں کی ملاقات میں عراق، شام اور لیبیا کی صورتحال پرتبادلہ خیال ہوا۔ شاہ عبداللہ کا طیارہ مراکش سے واپس سعودی عرب جاتے ہوئے صرف ایک گھنٹے کیلئے قاہرہ ائیرپورٹ پر اترا تاہم 90برس کی عمر اور ناساز طبیعتکے باعث وہ طیارے سے باہر نہ آسکے۔ عبدالفتح السیسی اور ان کے وفد نے طیارے میں جاکر شاہ عبداللہ سے آدھے گھنٹے کی ملاقات کی۔ مصری خبررساں ادارے کے مطابق ملاقات میں باہمی تعلقات اور خطے کو درپیش چیلنجز پر بات ہوئی۔ دونوں رہنماﺅں نے عراق، شام اور لیبیا کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔