سی ڈی اے شہر کی ترقی اورمعیار زندگی بہتر کرنے کیلئے کام کرےگی ‘ چیئرمین
اسلام آباد (نیٹ نیوز) کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی سول سوسائٹی نمائندگان کے ساتھ مل کر شہر کی بہتر ترقی اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے کام کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار سی ڈی اے کے چیئرمین معروف افضل نے اسلام آباد سٹیزن الائنس کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے سی ڈی اے ہیڈ آفس میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد، روٹری کلب کے صدر عمران شوکت، انسٹیٹیوٹ آف آرکیٹکٹس پاکستان کے صدر جہانگیر خان شیرپاﺅ، آئی سی بی آلمنی ایسوسی ایشن کے صدر نعیم مرتضیٰ، ایس ایم عباسی اور مز نیلوفر شامل تھے۔معروف افضل نے کہا کہ سی ڈی اے سول سوسائٹی نمائندگان کی مشاورت سے بجٹ کو حتمی شکل دینے کی کوشش کرے گی تا کہ بجٹ شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے شہریوں کو نزدیکی مقامات پر سروسز فراہم کرنے کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں ون سٹاپ سنٹرز قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے تا کہ شہریوں کو سی ڈی اے ہیڈ آفس کے چکر لگانے کی بجائے نزدیکی علاقوں میں ہی اپنے مسائل کا حل مل سکے۔ نہوں نے کہا کہ سی ڈی اے زیر زمین گاڑیوں کی پارکنگ سہولیات بھی قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ کاروباری مراکز میں گاڑیوں کا رش کم ہو اور ماحول بہتر ہو ۔ مذکورہ زیر زمین پارکنگ کی چھتوں کو گرین ایریاز یا پبلک پارک کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیوریج کا نظام بھی بہتر کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور اس مقصد کیلئے جگہ جگہ چھوٹے چھوٹے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اور منصوبے پر کام جاری ہے تا کہ عوام کو ایس ایم ایس کے ذریعے ان کی درخواستوں کا سٹیٹس بتا یا جا سکے۔ اسلام آباد سٹیزن الائنس کے وفد نے چیئرمین سی ڈی اے کو شہریوں کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف کاروبار، سکول، کچی آبادیاں اور مسجدیں شہر کے مختلف علاقوں کی خالی جگہوں کا نان کنفارمنگ استعمال کر رہی ہیں جس سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے اور ان معاملات سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ شہر میں بے جا مداخلتوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو روکنے کیلئے بھی دونوں نے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا تا کہ شہر کی اپنی اصل شناخت برقرار رکھی جا سکے۔اس کے علاوہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سی ڈی اے اور اسلام آباد سٹیزن الائنس باہمی تعاون سے اسلام آباد نیشنل پارک ، مارگلہ ہلز، گرین ایریاز، واٹرویز، پارکوں اور شہر کے دیگر تاریخی مقامات کے تحفظ کیلئے کام کریں گے۔ اجلاس میںیہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد سٹیزن الائنس شہر کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے سی ڈی اے سے ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گا تا کہ مشترکہ فیصلوں کے ذریعے اسلام آباد کو ایک جدید شہر کے طور پر ترقی دی جا سکے۔ اجلاس میں میٹر بس منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔