پاک امریکا تجارتی شعبے میں تعاون میں توسیع تعلقات کو تقویت بخشے گی

پاک امریکا تجارتی شعبے میں تعاون میں توسیع تعلقات کو تقویت بخشے گی

کراچی (اکنامک رپورٹر)امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی شعبے میں تعاون میں توسیع دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو تقویت بخشے گی اور ان کے مضبوط روابط کو مزید فروغ دے گی ۔انہوں نے یہ بات پاکستانی امریکن کاروباری کمیونٹی کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی ۔وفد نے سفارت خانے میں پاکستان سفیر کو اس سال واشنگٹن میں ہونے والے تجارتی میلے کے بارے میں بریفنگ دی ۔وفد میں”پاکستان یوایس اے ٹریڈایکسپو“ کے نام سے شروع ہونے والی نمائش کے چیئرمین مرزا محمد نسیم الدین (نازو گروپ امریکا) اور چیف ایگزیکٹو آفیسر حسن جلیل (ان وژن میڈیا) شامل تھے ۔پاکستانی سفیر نے واشنگٹن ایریا میں منعقد کی جانے والی نمائش کے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے پاکستانی اور امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کو بڑھانے اور اس سلسلے میں نئی راہیں تلاش کرنے کا موقع ملے گا ۔پاکستان سفیر کا کہنا تھا کہ اس طرح کے منصوبوں سے پاکستان کی برآمدات کو فروغ دینے اور امریکی سرمایہ کاروں کو ان بے شمار کاروباری مواقعوں سے آگاہی ہوگی جو پاکستان میں موجود ہیں ۔جلیل عباس جیلانی نے بتایا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور امریکا کی وسیع منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی میں مزید اضافے کی خواہش مند ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ منافع کے ضامن متعدد اقتصادی شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کی ترغیب دینے کے لیے بھی حکومت پوری کوشش کررہی ہے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ٹریڈ ایکسپو کی یہ تقریب پاکستانی حکومت کی کوششوں کے مطابق بین الاقوامی تجارت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگی جن کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنا ہے ۔نازو گروپ کے سربراہ مرزا نسیم الدین نے ایکسپو کے انعقاد کے لیے جاری سرگرمیوں کی تفصیلات سے سفیر موصوف کو آگاہ کیا اور پاکستان اور امریکا کے اہم اقتصادی روابط اور مجموعی تعلقات مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی لینے اور قیادت فراہم کرنے پر ان کی تعریف کی ۔

مزید : کامرس


loading...