ستارہ کیمیکل 35میگا واٹ استعداد کا حامل پاور پلانٹ لگائے گی

ستارہ کیمیکل 35میگا واٹ استعداد کا حامل پاور پلانٹ لگائے گی

کراچی (اکنامک رپورٹر)ستارہ کیمیکل انڈسٹری لمیٹڈ پاکستان میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا 35میگا واٹ استعداد کا حامل پاور پلانٹ لگائے گی ۔اس پاور پلانٹ پر اسلامی فنانسنگ کے تحت مسلم کمرشل بینک ،یونائیٹڈ بینک اور میزان بینک 20ارب روپے کی سرمایہ کریں گے ۔اس ضمن میں جمعہ کو مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر ،میزان بینک کے سی ای او عرفان احمد صدیقی ،وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے صدر ذکریا عثمان ،ستارہ کیمیکل کے سی ای او میاں ادریس احمد سمیت تاجروں و صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او ایس ایم منیرنے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت ستمبر میں لائف اینڈ اسٹائل نمائش کا انعقاد کیا جائے گا ۔حکومت توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے ۔امید ہے کہ دو سال میں توانائی کے مسائل حل ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی خراب صورت حال ہماری ایکسپورٹ کے اضافے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کوئی چھوٹا واقعہ نہیں ہے بلکہ پاکستان کا سب سے بڑا واقعہ ہے ،جس کی وجہ سے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں ۔بیشتر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان آنے سے انکارکردیا ہے ۔ایف پی سی سی آئی کے صدر ذکریا عثمان نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت 5ہزار میگاواٹ بجلی کی ضرورت ہے ۔اگر توانائی کے بحران کو حل نہ کیا گیا تو جی ایس پی پلس سمیت تمام پیکجز ناکام ہوجائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ انڈسٹری کو چاہیے کہ وہ آگے آئے اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے ۔ستارہ کیمیکل نے اچھا قدم اٹھایا ہے اور کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ نصب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی سے پیدواری لاگت انتہائی کم ہوجائے گی ۔ستارہ کیمیکل کے سی ای او محمد ادریس نے مشترکہ سرمایہ کاری کے تحت مذکورہ تین بینکوں سے ہونے والے معاہدے پر دستخط کیے ۔واضح رہے کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا35میگاواٹ کا پاور پلانٹ بجلی کی ضروریات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا ۔پنجاب حکومت نے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے پاور پلانٹس کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔اس تقریب میں حسیب احمد ،اعجاز حسین ،انوار الحق اور دیگر نے بھی شرکت کی ۔

مزید : کامرس


loading...