سکس ریڈ سنوکر چیمپئن شپ، محمد سجاد کی مسلسل دوسری کامیابی
قاہرہ ( سپورٹس ڈیسک) آئی بی ایس ایف سکس ریڈز اینڈ ورلڈ ٹیم سنوکر چیمپئن شپ میں پاکستانی کیوئسٹ محمد سجاد نے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ سجاد نے دوسرے میچ میں حریف پولینڈ کے کیوئسٹ کو 4-0 فریمز سے شکست دی۔ مصر میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے دوسرے گروپ میچ میں پاکستان کے محمد سجاد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف پولینڈ کے کیوئسٹ میری اوس کو یک طرفہ مقابلے میں 4-0 فریمز سے زیر کر کے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ سجاد کی جیت کا سکور 43-13، 59-15، 39-19 اور 28-48 رہا۔ اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں سجاد نے سعودی عرب کے کیوئسٹ کو شکست دی تھی۔ محمد سجاد میگا ایونٹ میں اپنا اگلا گروپ میچ کل پیر کو حریف ایرانین کیوئسٹ احسن حیدری کے خلاف کھیلیں گے۔