انصاف کی ایک گھڑی ہزار راتوں کی عبادت سے بہتر ہے ،چیف جسٹس

انصاف کی ایک گھڑی ہزار راتوں کی عبادت سے بہتر ہے ،چیف جسٹس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                    ملتان(اے این این) چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی نے کہاہے کہ انصاف کی فراہمی مقدس عبادت ہے، عدلیہ کی آزادی پر آئندہ کبھی حرف آیا تو بار اپنا کردار ادا کرے گی اور بنچ آئین کی پاسداری کرے گا،ہمیں اخلاقی قدروں کو برقرار رکھتے ہوئے قول و فعل کا تضاد ختم کرنا ہو گا۔یہ بات انہوں نے ملتان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی آزادی اور وقار کے لئے سول سوسائٹی ، وکلا اور میڈیا نے جوکردار ادا کیا وہ تاریخ کا درخشندہ باب ہے ، ہمیں اخلاقی قدروں کو برقرار رکھتے ہوئے قول و فعل کا تضاد ختم کرتے ہوئے کوشش کرنا ہو گی تا کہ آئین کی بالادستی اور قانون کی حاکمیت رہے ،یہ روایات آئین کی بالادستی، انصاف کا حصول اور کرپشن کے خلاف تھیں۔ عدلیہ کی آزادی کے لئے روایتی کردارادا کرنا ہوگااور اپنے حلف کی پاسداری کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کرنا مقدس عبادت ہے نوجوان وکلا انصاف کی فراہمی کے لئے ہمشیہ پرامید رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے معاشرے کو تبدیل کرنا چاہا اور یہ راستہ اختیار کیا کہ انصاف کا سفر جاری رہے، اصول پر چلا اور کھبی شکست نہیں کھائی ۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جج کے طور پر ہمشیہ یہ خیال رہا کہ یہ ملک کی آخری عدالت ہے کوئی لغزش ہوئی تو سائل کے پاس اور کوئی عدالت نہ ہو گی ۔ انھوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی منفی کانٹوںکی سیج ہوتی ہے یہاں پکڑ بھی زیادہ ہوتی میں نے کوشش کی ہے کہ عوام کو انصاف ملے میں دعوی تو نہیں کرسکتا لیکن کوشش کی۔ اپنے دامن کو ہمیشہ بچانے کی کوشش کی ہے انصاف ایک مقدس عبادت ہے اور انسان کی ہزار راتوں کی عبادت سے بہتر ہے ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس خواجہ امتیاز احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں نے اپنی وکالت کا آغاز ملتان سے کیا ۔اس دھرتی اوراس بار کا مجھ پر بہت قرض ہے میں کوشش کرونگا کہ یہ قرض اتار سکوں۔ڈسٹرکٹ بار کے صدر شیر زمان قریشی نے خطبہ استقبالیہ میں کہاکہ عدلیہ کی بحالی کے لئے وکلا نے جو قربانیاں دیں اور سڑکوں پر آئے اب ہم سمجھتے ہیں کہ چیف جسٹس وکلاءکے مسائل حل کریںگے۔ڈسٹرکٹ بار کی طرف سے چیف جسٹس سپریم کورٹ ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سوونیئر اور تحائف پیش کیے گئے چیف جسٹس کی آمد پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
ملتان بار خطاب

مزید :

صفحہ آخر -